باکسنگ کے لیجنڈری کوچ انتقال کر گئے
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں مقیم باکسنگ کے لیجنڈری کوچ ناظم رچرڈ سن انتقال کر گئے ہیں جس کے باعث باکسنگ کی دنیا سے منسلک افراد افسردہ ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق باکسنگ کی دنیا کے نامور کھلاڑیوں برنارڈ ہوپکن اور شین موسلے کو تیار کرنے والے ناظم رچرڈ سن کا انتقال جمعے کے روز ہوا۔ لیجنڈری کوچ کے اچانک انتقال پر باکسنگ سے جڑے افراد نے افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔
ایوان دیر ہولی فیلڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’آج ہم نے ایک لیجنڈ کو کھو دیا، ناظم رچرڈ سن خدا آپ کو سکون عطا فرمائے۔‘
ہیوی ویٹ باکسر پرو ایڈی چیمبر نے لکھا کہ ’ناظم رچرڈ سن کے انتقال کا مجھے یقین نہیں آ رہا، ایسا نہیں ہو سکتا‘۔بعد ازاں انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں لیجنڈری کوچ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ’آپ نے میری زندگی میں محسن کا کردار ادا کیا جس کے لئے میں آپ کا مشکور ہوں‘۔
علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ناظم رچرڈ کے مداحوں نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ آج کے دن ہم ایک اچھے استاد سے محروم ہوگئے۔ رچرڈ سن امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں مقیم تھے۔