ڈی جی ایل ڈی اے نے گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کا دورہ

ڈی جی ایل ڈی اے نے گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کا دورہ

  

لاہور (اپنے نمائندسے سے) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے گزشتہ روز گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیااور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر مظہر حسین خان نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو منصوبے پر جاری کام کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کر تے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ گلاب دیوی انڈر پاس منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔ شہر میں جاری تینوں میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے پر 70فیصد پائلنگ کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ منصوبے میں 10کروڑروپے کی بچت کی گئی ہے۔

 گلاب دیوی انڈر پاس مقررہ وقت میں مکمل کر لیں گے اورلاہور بریج پر اضافی لائنز بنانے کا کام اگلے سال کے شروع میں مکمل کر لیاجائے گا۔گلاب دیوی انڈر پاس کی تکمیل سے فیروز پور روڈ پر ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں گے اور روزانہ لاکھوں گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے واسا اور نیسپاک مل کر کام کر رہے ہیں۔ گلاب دیوی انڈ ر پاس منصوبے کے ساتھ 27انچ کی نئی سیوریج لائن ڈالی جائے گی۔ سوئی گیس‘ بجلی‘پی ٹی سی ایل لائنز کی شفٹنگ کا کام بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ افسران تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں۔اس موقع پر چیف انجینئرایل ڈی اے مظہر حسین خان نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گلاب دیوی انڈر پاس کی575پائلنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے۔کوشش ہے کہ منصوبے کے لئے کم سے کم لینڈ ایکوائر کی جائے۔ اس موقع پر نیسپاک‘ایل ڈی اے اور واسا کے افسران بھی موجودتھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -