مون سون کے آغاز سے قبل 155 کلومیٹر نالیاں صاف کی گئی 

مون سون کے آغاز سے قبل 155 کلومیٹر نالیاں صاف کی گئی 

  

پشاور (سٹی رپورٹر) مون سون کے آغاز سے قبل مئی اور جون میں خصوصی مہمات کے دوران شہر بھر میں 155.14 کلومیٹر نالیاں صاف کی گئی ہیں، مئی میں 10 روزہ خصوصی مہم میں 79.4 کلومیٹر جبکہ جون میں 14 روزہ خصوصی مہم میں 69.4 کلومیٹر نالیوں اور پچھلے 6 مہینوں میں معمول وخصوصی آپریشن کے دوران 616.29 کلومیٹر پرائمری اور سیکنڈری نالیوں کی صفائی کی گئی ہے، علاوہ ازیں ماہانہ اوسطاً 60 سے 70 کلومیٹر نالیوں اور گلی محلوں میں نالیوں کی روزانہ معمول میں صفائی کی جارہی ہے۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں 29.93 کلومیٹر نالیوں پر تعمیرات اور تجاوزات کی وجہ سے پانی کے نکاس میں رکاؤٹ آرہی ہے،مون سون میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب یقینی بنانے کے لئے عملہ چوکس ہے معمول کے اہلکاروں کے علاوہ 122 اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں کو مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے جن کے پاس ضروری آلات ومشینری اور 3ڈی واٹر پمپس، ایک باؤزر اور ایک جیٹنگ مشین ممکنہ صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے موجود ہیں۔ شہر میں 25 مقامات پر چھوٹے بڑےچوکنگ پوائنٹس، جہاں بارش کے دوران پانی کھڑا ہونے یا پانی کے نکاس میں رکاؤٹ آنے کا خدشہ ہے، کی نگرانی کی جارہی ہے،بارش کے دوران ایمرجنسی عملہ چوکنگ پوائنٹس پر فرائض انجام دینے کے لئے موجود رہے گا، معمول کاعملہ بھی فرائض انجام دیتا رہے گا۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پلاسٹک تھیلے اور گندگی نالیوں میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ بارشوں میں پانی کے نکاس میں رکاؤٹ نہ آئے۔ علاوہ ازیں ڈبلیو ایس اسی پی کے زیر انتظام 43یونین کونسلوں میں عوام میں شعور و آگہی کے لیے باقاعدگی سے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے جبکہ نیبرہوڈ کونسل لیول پر کمیونٹی کی مدد سے آگاہی کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں جو عوام میں گند کو مقررہ مقامات پر تلف کرنے، پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال کے تدارک اور نالیوں میں گند نہ پھینکنے کی تلقین کررہی ہیں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -