شجرکاری مہم: رحیم یارخان میں 15لاکھ پودے لگانے کاٹارگٹ

شجرکاری مہم: رحیم یارخان میں 15لاکھ پودے لگانے کاٹارگٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رحیم یارخان(نامہ نگار،نمائندہ پاکستان) ضلع میں رواں برس مون سون شجر کاری مہم کے دوران15لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، دسمبر2021تک مطلوبہ ٹارگٹ حاصل کیا جائے گا، تمام سرکاری محکموں کو پودے لگانے کے حوالہ سے ٹارگٹ تفویض کر دیئے گئے، محکمہ جنگلات شجرکاری مہم کے دوران پودوں کی اقسام اور فراہمی کے حوالہ سے سرکاری(بقیہ نمبر28صفحہ6پر)
 و نجی اداروں کی معاونت کرے گا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت مون سون شجر کاری مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں فیصلے،جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم،چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز عظمان چوہدری، محمد یوسف چھینہ، کلیم یوسف، سرمد علی بھاگت سمیت محکمہ تعلیم، صحت، جنگلات، ماحولیات، پولیس، رینجرز،اوقاف، سوشل ویلفیئر، سپورٹس، لوکل گورنمنٹ، ہائی ویز، بلڈنگ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایس این اے جام محمد نعیم نے مون سون شجر کاری مہم کے حوالہ سے شرکاکو بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ارض پاک کو سرسبز و شاداب بنانے کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن میں صوبہ پنجاب وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں لیڈنگ رول ادا کرے گا اور صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان کو سروسبز وشاداب بنانے میں تمام سرکاری محکمے، سول سوسائٹی، شہری بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں مزید 20میاواکی جنگلات بھی لگائے جائیں گے جس کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں کی شہری حدود میں پانچ، پانچ جگہوں کو منتخب کرکے تفصیلات محکمہ جنگلات کو فراہم کریں گے اس طرح ضلع میں میاواکی اربن فارسٹنگ ٹیکنالوجی کے تحت جنگلات کی مجموعی تعداد25ہو جائے گی۔انہوں نے تمام سرکاری محکموں کے افسران کو ٹارگٹ سے آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکمے رواں ہفتے کے اندر مون سون شجرکاری مہم کے حوالہ سے فراہم کردہ ٹارگٹ کے مطابق اپنا پلان مرتب کرے ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر مون سون شجر کاری مہم کے حوالہ سے الیکٹرانک آگہی بورڈ میں نصب کئے جائیں گے جبکہ ضلع کی حدود سے گزرنے والی اہم شاہرات خصوصا قومی شاہراہ کے درمیان موجود خالی جگہ پر بھی نجی اداروں کے تعاون سے شجر کاری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم کے حوالہ سے بھرپور آگہی مہم چلائی جائے 50لاکھ آبادی کے ضلع میں ہر شہری پودے لگانے اور اس کی محفوظ آبیاری کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔انہوں نے محکمہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے لئے کم نرخوں پر پودے فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ تمام سرکاری محکموں کو موسم کی مناسبت سے پودے لگانے اور اس کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی مکمل معاونت فراہم کریں۔ادھرڈپٹی کمشنرڈاکٹر خرم شہزادنے سول سوسائٹی کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے حکومت پنجاب ایک جامع حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے تاکہ شہریوں کو صحت و تعلیم کی سہولیات کے ساتھ ساتھ خوشگوار ماحول میں میسر آ سکے۔تحصیل صادق آباد سے تعلیمی غیر سرکاری تنظیم موج ستلج(تعلیمی رضاکار) کے صدر میاں آصف ستار، جنرل سیکرٹری زاہد نثار، کاروان اقبال کے نائب صدر لیمان حسین اور سماجی رہنما فرحان عامر ایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری اور سہولیات فراہمی کے لئے حکومت پنجاب نے اہداف مقرر کئے ہیں جس پر مکمل عملدرآمد جاری ہے جبکہ ان دونوں سیکٹرز کی بہبود و ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔
شجرکاری مہم