وزیر اعظم عمران خان نے شہباز شریف کے ہتک عزت دعوے کا جواب جمع کرا دیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن لیڈ رقومی اسمبلی شہباز شریف کے ہتک عز ت دعوے میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی، وزیراعظم کی جانب سے دعوے کا جواب جمع کرادیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شہباز شریف کا ہتک عزت کا دعویٰ بھاری جرمانے کیساتھ خارج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے قانون کے مطابق 60 دن میں کوئی مخصوص نوٹس نہیں بھیجا بلکہ 8 مئی 2017 کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر صرف لیگل نوٹس بھیجا ، اپوزیشن لیڈر کے الزامات ہتک عزت کے دعوے میں نہیں آتے ۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی ایک جج کے ساتھ آڈیو ٹیپ بھی منظر عام پر آ چکی ہے ،نواز شریف اورشہباز شریف نے ماضی میں ایک آرمی چیف کو بی ایم ڈبلیو گاڑی دینے کی کوشش بھی کی ،رقم کی آفر نواز شریف یا شہباز شریف کی طرف سے ڈائریکٹ نہیں بلکہ کسی کے ذریعے آئی تھی،کہاگیا کہ عمران خان پانامہ لیکس کی پیروی کرنا چھوڑ دیں تو وہ بھاری رقم دینے کو تیار ہے۔