آرمی چیف سے سعودی وزیرخارجہ کی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران افغان عمل اور رابطہ کاری کے امور بھی زیر غور آئے ہیں جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اظہاراور علاقائی امن و استحکام کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماداوربھائی چارے پراستوارہیں جبکہ دونوں اقوام امن واستحکام کیلئے کرداراداکرتی رہیں گی۔آرمی چیف نے پاکستان اورمسلح افواج کی حمایت پر اظہارتشکر بھی کیا۔