سپین میں کورونا کی پانچویں لہر، کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کا فیصلہ

بارسلونا (ارشد نذیر ساحل )کورونا وائرس کی نئی اقسام کے بعد کورونا ویکسین کی تیسری خوراک لگانے کی بھی ضرورت ہوگی لیکن اس بات کا تعین نہیں کیا جاسکتا کہ تیسری خوراک کب لگائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ہسپانوی وزیر صحت کارولینا داریاس نے کیا انہوں ایک سوال کے جواب میں اس امکان کا بھی اظہار کیا کہ سپین میں عوام کو ہر سال ویکسین لگائی جائے گی، تاکہ کورونا کے مقابل مدافعتی قوت قائم رہے۔
خیال رہے کہ سپین میں 22جولائی تک 4860630 افراد کو ویکسین کی پہلی جبکہ 3787556 افراد یعنی 48.3فیصد آبادی کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔ سپین نے ویکسین فائزر کے ساتھ 1.8 ملین جبکہ موڈرنا کےساتھ 400 ملین یورو کا معاہدہ کیاہے۔
سپین میں کورونا وائرس میں کمی کے بعد عائد پابندیوں میں نرمی کر دی گئی تھی تاہم وائرس کےپھیلاؤ میں اضافے اور وائرس کی نئی قسم ڈیلٹاکے کیسز آنے کے بعد سپین کے متعدد صوبوں نے دوبارہ کئی قسم کی پابندیاں عائد کردی ہیں ، کئی علاقوں میں رات کا کرفیو بھی نافذ کیا گیاہے۔