تحریک انصاف کو نیب سے بڑا ریلیف مل گیا، اہم ترین کیس بند کردیا گیا

تحریک انصاف کو نیب سے بڑا ریلیف مل گیا، اہم ترین کیس بند کردیا گیا
تحریک انصاف کو نیب سے بڑا ریلیف مل گیا، اہم ترین کیس بند کردیا گیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب ) جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا ہے جس میں مالم جبہ کیس پر مزیدکارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق مالم جبہ کیس میں کرپشن کے کوئی شواہد نہیں ملے جس کے باعث کیس کو باقاعدہ بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نجی ٹی و ی دنیا نیوز کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے خلاف نئی انکوائری کی منظوری دی گئی ہے ، نیب کراچی مفتاح اسماعیل کے اکاونٹس میں ہونے والی مشکوک ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں لوگوں کو نوکریاں دینے کا جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والی جعلی کمپنیوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظور ی دی گئی ہے۔

چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے اور کرپشن کر کے لوٹی گئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی، کرپشن کے خلاف احتساب بیورو اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ سوات کے علاقے مالم جبہ میں 275 ایکڑ سرکاری اراضی 2014 میں ریزورٹس کے لیے لیز پر دینے کی رپورٹس منظر عام پر آئیں تھیں جن میں بے قاعدگیوں اور اقربا پروری کے الزامات لگے تھے۔نیب نے اس وقت کے وزیر اعلی پرویز خٹک، خیبرپختونخوا کے سینئر وزیرعاطف خان ،سابق چیف سیکرٹری اور وزیر اعظم کے موجودہ سیکرٹری اعظم خان، موجودہ وزیر اعلی اور اس وقت کےصوبائی وزیر سیاحت و کھیل محمود خان، چئیرمین خیبرپختونخوا اسپورٹس بورڈ محسن عزیز  کے خلاف تحقیقات کیں۔اراضی کے لیز کا اشتہار 15 سال کے لیے دیا گیا تھا تاہم کنٹریکٹ حاصل کرنے کے بعد لیز کو 32 سال تک کے لیے بڑھادیا گیا تھا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -