آدمی کو ٹی وی پر اولمپکس مقابلے دیکھتے اپنی تصویر محبوبہ کو بھیجنا مہنگا پڑگیا، بے وفائی پکڑی گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک آدمی نے ٹی وی پر اولمپکس مقابلے دیکھتے ہوئے اپنی تصویر بنا کر اپنی گرل فرینڈ کوبھیجی اور لڑکی کو اس تصویر میں ایسی چیز نظر آ گئی کہ آدمی کی بے وفائی رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق میگھن میری نامی اس لڑکی نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ گزشتہ دنوں میں نے اپنے بوائے فرینڈ کو ٹیکسٹ میسج کیا اور پوچھا کہ وہ کہاں ہے اور کیا کر رہا ہے؟
جواب میں اس نے بتایا کہ وہ گھر پر ہے اور دوستوں کے ساتھ بیٹھا ٹی وی پر اولمپکس مقابلے دیکھ رہا ہے۔ اس جواب کے فوری بعد اس نے اپنے ٹی وی کی ایک تصویر بنا کر بھیج دی جس پر اولمپکس مقابلے نشر ہو رہے تھے تاہم لڑکی نے جب اس تصویر کو بغور دیکھا تو کمرے میں پڑی ایک الماری کے دروازے پر لگے شیشے میں اسے ایک خاتون کی ٹانگیں نظر آ گئیں۔ ویڈیو میں میگھن میری کا کہنا تھا کہ ”مجھے یقین ہے کہ یہ ٹانگیں کسی لڑکی کی ہے مگر جب میں نے اپنے بوائے فرینڈ سے اس حوالے سے بات کی تو اس نے کہا کہ وہ اس کے مرد دوست کی ٹانگیں تھیں۔اس پر میں نے اسے کہا کہ کیا میرے ماتھے پر احمق لکھا ہوا ہے کہ میں مرد اور عورت کی ٹانگیں میں فرق نہیں کر سکتی۔“
کمنٹس میں بھی لوگوں کی اکثریت میگھن کے بوائے فرینڈ کی طرف داری کر رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ وہ لڑکی اس کی فی میل فرینڈ ہو اور دیگر مرد دوستوں کے ساتھ وہ بھی میچ دیکھ رہی ہو۔