’آزاد کشمیر کی طرح پی پی 38 میں بھی مافیاز کے بت پاش پاش ہو گئے‘فردوس عاشق اعوان بھی بول پڑیں

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قوم کو پی پی 38 میں پسے ہوئے طبقات کے استحصال کے خاتمے کی نوید ہو، آزاد کشمیر کی طرح پی پی 38 میں بھی مافیاز کے بت پاش پاش ہو گئے اور پی ٹی آئی کو فتح نصیب ہوئی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 38کے عوام نے برسوں سے لوٹ مار میں مصروف اور دیمک کی طرح چاٹنے والے مافیاز سے بدلہ لے لیا ہے,یہاں کی عوام جم کر ڈٹ کر کپتان کیساتھ کھڑی رہی,اس حلقے میں مافیا نے ظل سبحانی کی طرح اپنے محل اور وسیع وعریض جائیدادیں بنائیں اور حلقہ کی عوام کے لئے کچھ نہ کیا, یہاں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی ریکارڈ ترقیاتی کام کروارہی ہے,پی ٹی آئی یہاں کی عوام کی تقدیر بدل رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ نیا،بدلتا،ترقی یافتہ پی پی 38 قوم کو مبارک ہو,ن لیگ روایتی غنڈہ گردی کو عوام نے مسترد کر دیا, قانون ہاتھ میں لینے والوں کوقانون کی طاقت سے جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں نوٹ بانٹ کر ووٹ کو عزت دینے والی ن لیگ نے ایک دفعہ پھر منہ کی کھائی ہے,بارش کے باوجود پی ٹی آئی کارکنوں، ووٹرز، سپورٹرز کاجذبہ دیدنی رہا,عوام نے ووٹ سے مافیا کیخلاف تبدیلی کی بنیاد رکھی, حلقہ میں ہر طرف بلا ہی بلا نظر آیا اورنقلی شیر دم دبا کر بھاگ گیا۔