پی ٹی وی نے تاریخ کا مہنگا ترین مارننگ شو شروع کردیا 

پی ٹی وی نے تاریخ کا مہنگا ترین مارننگ شو شروع کردیا 

  

لاہور(فلم رپورٹر)ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا محال کردیا ہے۔ ایسے میں پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن نے اپنی تاریخ کا مہنگا ترین مارننگ شو شروع کردیا ہے۔ اس مارننگ شو کی میزبانی کے لئے ایک بار پھر معروف اداکارہ و ہوسٹ جگن کاظم کا انتخاب کیا گیا ہے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان کو 95ہزار فی شو کے حساب سے ادائیگی کا معاہدہ کیا گیا ہے جگن کاظم مہینے میں 25شوز کریں گی اس حساب سے ان کا ماہانہ معاوضہ 23لاکھ 75ہزار روپے بنے گا ایک طرف یہ کہا جا رہا ہے کہ قومی چینل کے پاس پروگرام کرنے کے لئے بجٹ نہیں ہے دوسری جانب مارننگ شو کی ہوسٹ کو اتنا زیادہ معاوضہ حیران کن ہے ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مارننگ شو کے لئے ہنگامی بنیادوں پر 25لاکھ کا انتہائی قیمتی سیٹ بھی لگایا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ شو کے شیف اور ان کی دیگر ٹیم کو بھی بہت زیادہ معاوضہ ادا کیا جارہا ہے اس مارننگ شو کے پروڈیوسرز عمر جاوید اور سدرہ طارق ہیں۔پی ٹی وی لاہور مرکز کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ شائستہ واحدی کو ہٹا کر جگن کاظم کو دوبارہ مارننگ شو کی میزبانی دیناذاتی پسند نا پسند ہے اور کچھ نہیں قومی چینل کی تباہی ان ہی باتوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔اس بارے میں جب جنرل منیجر لاہور مرکز سے بات کی گئی تو انہوں نے ”پاکستان“کو بتایا کہ میں صرف اتنا کہوں گا کہ ہر شخص کی اپنی ویلیو ہوتی ہے جگن کاظم ہو جتنا بھی معاوضہ دیا جا رہا ہے وہ اس کی اہل ہیں لیکن میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ مارننگ شو کی ہوسٹ کو کتنا معاوضہ ادا کیا جا رہا ہے۔

مزید :

کلچر -