ہربنس پورہ میں جعلی بوتلیں بنانے والے یونٹ پر چھاپہ،مشینری اور تیار مال ضبط
لاہور(اپنے نمائندے سے)ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ہربنس پورہ میں جعلی بوتلیں بنانے والے یونٹ پر چھاپہ مارتے ہوئے 3مشینیں،3سلنڈرز،2ہزارخالی ڈھکن،1200 بوتلیں،1200لیٹر تیار محلول اور دیگر اشیاء ضبط کر لیں۔جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر وا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ یونٹ پر آلودہ پانی،کھلے رنگوں اور مضر صحت کیمیکلزسے معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کی جا رہی تھیں۔ تیار مضرصحت بوتلوں پر معروف برانڈز کی اصل جیسی نقلی لیبلنگ پائی گئی۔ شعیب خان جدون نے بتایا کہ معروف ملٹی نیشنل بیوریجز کی زیادہ مانگ والے مختلف فلیورز کی بوتلیں تیار کی جارہی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری مشروبات کا استعمال انسانی جسم میں متعدد موذی امراض کا باعث بنتا ہے۔ جعلی اشیائے خورونوش تیار کرنیوالے عناصر کیخلاف مقدمات درج کروائے جارہے ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل ہے کہ گردونواح میں واقع جعلی اشیاء بنانیوالے یونٹس کی اطلاع پنجاب فوڈاتھارٹی کو دیں۔صحت دشمن مافیا کیخلاف شکایات پنجاب فوڈاتھارٹی ٹال فری نمبر 080080500،فیس بک پیج یا ویب سائٹ پر درج کروائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا تعاو ن بہت ضروری ہے۔