کوہ سلیمان کے پہاڑوں والا ڈیم ٹوٹ گیا!

کوہ سلیمان کے پہاڑوں والا ڈیم ٹوٹ گیا!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اطلاعات کے مطابق ڈیرہ غازی خان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان پل قمبر،چوکی والااور بستی احمدانی سے 25کلومیٹر کے فاصلے پر کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر واقع ڈیم ٹوٹ گیا ہے واضح رہے کہ مذکورہ ڈیم حال ہی میں تعمیر کیا گیا تھا جس میں اس علاقے میں بارش کے دنوں میں چلنے والی رودکوہیوں کا پانی جمع کرکے ایک طرف تو اسے ضرورت کے تحت استعمال میں لایا جاتا تھا تو دوسری طرف تباہی سے بچانا تھا، تاہم اب یہ ٹو ٹ گیا ہے جس سے پیدا ہونے والی شدید طغیانی  نے علاقے میں تباہی پھیلا دی ہے۔ انڈس ہائی وے سمیت متعدد دیہات تیز پانی کی لپیٹ میں آگئے پتھر کو کریش کر کے بجری بنانے اور جپسم کے پلانٹس شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ڈیم سے نکلنے والے ریلے نے 25کلومیٹر کا فاصلہ تیزی سے طے کیا اور راستے میں آنے والی آبادیوں،سڑکوں اور فصلوں کو ملیا میٹ کردیا۔ابھی تک جانی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا تاہم چند اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔انتظامیہ روایتی انداز حالات سے نبٹنے کی کوشش کررہی ہے اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے توزیادہ نقصان کا اندیشہ ہے۔انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اس کا نوٹس لے، اس علاقے میں بحالی کے لیے کام کرے،کپاس اور دوسری فصلوں کے کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کرے یہ بھی ضروری ہے کہ ڈیم کے ٹوٹنے کی تحقیقات کرائی جائیں کہ اس میں گنجائش سے زیادہ پانی بھر ایا پھر نکاسی میں دیر ہوئی۔تعمیر، ڈیزائن اور صلاحیت کے بارے میں تکنیکی رپورٹ بہت ضروری ہے تاکہ اس علاقے میں پہلی مرتبہ تعمیر ہوئے ایسے ڈیم کی بربادی کے بارے میں مکمل آگاہی اور ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی ہوسکے۔ 

مزید :

رائے -اداریہ -