کراچی سیف سٹی پروجیکٹ آزمائشی بنیادوں پر شروع  ہوگیا

      کراچی سیف سٹی پروجیکٹ آزمائشی بنیادوں پر شروع  ہوگیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سیف سٹی پروجیکٹ آزمائشی بنیادوں پر شروع ہو گیا، جس کے تحت 2 مقامات پر ہائی ٹیک کیمرے نصب کر دیے گئے۔مجموعی طور پر 5 کیمرے حسن اسکوائر اور بلوچ کالونی پل کے نیچے نصب کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق 12میگا پکسل کے کیمروں میں جدید ترین سیکیورٹی فیچرز شامل ہیں، جن سے سڑک پر چلتی گاڑی کا نمبر اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھے افراد کی شناخت ممکن ہو رہی ہے۔ان کیمروں کی مدد سے صرف گاڑی کے نمبر سے اس کی شہر کی شاہراہوں پر نقل و حرکت کا پتہ لگایا جاسکے گا، جدید کیمروں کے چہروں کی شناخت کے فیچر کے ذریعے تصاویر کا ڈیٹا بینک بنایا جائے گا۔کیمروں کے ساتھ نصب ریڈار گاڑیوں کی اسپیڈ کا سراغ لگانے میں مدد دے گا، 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر بھاگنے والی گاڑی بھی قابلِ شناخت ہو گی۔جدید کیمروں میں آئی ٹی ایس سسٹم کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خود کار چالان ہو سکیں گے، یہ کیمرے دن اور رات میں یکساں ریکارڈنگ کی اہلیت رکھتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کراچی پروجیکٹ کی منظوری ستمبر سے پہلے متوقع ہے، منظوری کے بعد فوری طور پر پروجیکٹ پر کام شروع کر دیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -