حب ڈیم گنجائش سے زائد بھر گیا،علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال
کراچی (اسٹاف رپورٹر)موسلا دھار بارشوں کے باعث حب ڈیم سے پانی کا غیر معمولی اخراج شروع ہوگیا ہے۔ شدید سیلابی صورتحال کے باعث آس پاس کے علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ خراب صورتحال کے باعث علاقے میں بجلی بحالی کی کوششیں بدستور معطل ہیں۔132 کلو واٹ ٹرانسمیشن ٹاور کو نقصان پہنچنے سے 26 جولائی کی صبح سے علاقے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ کے ای کی ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور بحالی کا کام شروع کرنے کے لیے کلیئرنس کا انتظار کر رہی ہیں۔ علاقے میں ہنگامی امدادی کارروائیاں جارہی ہیں۔ پانی کی سطح 3 سے 4 میٹر بلند ہے۔ موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے پانی کی سطح دو سے تین دن میں کم ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد ہی کے ای کی ٹیمیں بحالی کی کوششیں شروع کر سکیں گی۔کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور مقامی حکام بشمول رینجرز، ایف ڈبلیو او، مقامی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ یہ ایک ناگہانی واقعہ ہے۔ کے ای کو جیسے کلیئرنس ملے گی، متاثرہ ٹاور کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق حب کینال میں بہاؤ میں دو سے تین دن میں کمی کا امکان ہے، جس کے بعد گرے ہوئے ٹاور کی مکمل بحالی میں تقریباً 2 دن لگ سکتے ہیں۔