پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ غصب ہونے سے بچالیا گیا ہے: فیصل امین گنڈاپور
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں ووٹنگ پر تاریخی فیصلہ دے کر پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ غصب ہونے سے بچا لیا ہے اور قوم کو باور کرا دیا ہے کہ پاکستان میں انصاف کا بول بالا ہونے کو ہے وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے حجرہ پر مبارکباد کیلئے آئے پارٹی ورکرز، زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقامی زعما اور انصاف لائیرز فورم و ہم خیال وکلاء سے بات چیت کر رہے تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کا سیاسی شعور بیدار کرنے اور غلاموں کی غلامی سے نجات کی فضا قائم کرنے پر عمران خان حقیقی معنوں میں مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ دھاندلی اور چور دروازوں سے برسرِ اقتدار آتی رہی ہے اور پھر عوامی مفاد کو ذاتی مفادات پر قربان کرتی رہی اس نے مہنگائی کے نام پر چودہ جماعتوں کے کرپٹ ٹولے کی حکومت بنائی اور عمران خان کی فلاحی حکومت پر شبخون مارا مگر تین مہینوں میں معیشت کا بیڑہ غرق کرکے صرف اپنے اربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ختم کئے انہوں نے کہا کہ اس سیاسی جرائم پیشہ امپورٹڈ ٹولے نے یہی عمل پنجاب اسمبلی میں بھی دہرانے کی کوشش کی اور اگر سپریم کورٹ انصاف نہ کرتی تو عوام کے غیض و غضب کا شکار ہو جاتی فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ سازش اور چمک کے زور پر عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے والے یہ ڈاکو اب عوامی طاقت کے سامنے زیادہ دیر ٹھر نہیں سکتے اور جلد عام انتخابات پر بھی مجبور ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم میں ان سیاسی ڈاکوؤں اور غیر ملکی غلاموں سے آزادی کا شعور پیدا کر دیا ہے اسلئے عوام سیاسی لٹیروں سے جلد نجات حاصل کر لیں گے۔