صحت کے راز کافی کے ساتھ
صبح چاہے سردی کی ہو یا گرمی کی گرم گرم کافی کا مگ ذہن کو ہمیشہ ہی تروتازہ کر دیتا ہے۔ کافی صرف دل لبھانے والا مشروب ہی نہیں ہے بلکہ اس میں موجود اجزاء ہماری ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہیں۔ بالعموم ہمارے ہاں کافی کو سردیوں سے منسلک کیا جاتا ہے جبکہ جدید سائنسی تحقیق اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ اگر ہر شخص روزانہ کی بنیاد پر 100 ملی لیٹر کافی کا استعمال رکھے تو یہ بے شمارے فائدے پہنچا سکتی ہے۔
کافی سے اپنی جلد خوشنما اور صحت مندبنائیے:۔
کافی کا استعمال جلد کی دیکھ بھال اور نشوونما کیلئے بے حد مفید ہے۔ اس میں موجود مادہ، جلد کو تروتازہ رکھتا ہے۔کافی میں موجود کیفین اور کلورجینک ایسڈ اپنی اینٹی آکسیڈنیٹ ہونے کی وجہ سے خون میں موجود مضر عناصر کو ختم کرنے مدد کرتا ہے۔ کافی میں قدرتی طور پر سوزش کو ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے جس کی بنا پر یہ سورج کی روشنی سے ہونیوالی جلدی نقصانات کو مؤثر طریقے سے بچاتی ہے۔
کافی جگری امراض سے بچاتی ہے:۔
نیدرلینڈ کے جدید سائنسی تحقیق کاروں کے مطابق ہر روز ایک کپ کافی پینے سے انسان جگر کے امراض سے محفوظ رہتا ہے جس میں جگر کا سرطان اور سروسس شامل ہیں۔
ہر درد کا علاج کافی:
کافی میں موجود کیفین سردرد اور دردِ شقیقیہ (Migrane) کے علاج میں درد کش ادویات سے بہتر ثابت ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق کافی کا دیرپا استعمال فالج، پارکنسنز کی بیماری (Parkinson's Disease) اور الزائمر (Alzhimer) جیسے امراض کے خطرے کو کم کرتا ہے.
بلیک کافی کے فوائد:۔
بلیک کافی سے ہمارے ہاں صحت کیلئے مضر سمجھا جاتا ہے دراصل ہماری صحت کیلئے بے حد فائدہ مند ہے۔ خاص طور پر اگر آپ اپنے وزن کو گھٹانے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اگر آپ وزن کم کرنے کیلئے بلیک کافی کا ستعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس میں کسی بھی چیز کی آمیزش نہ کی جائے۔
کافی جسم کے جذب اور نظام ہضم (Metabolism) کی صلاحیت کو بڑھاتی ہے جس کی وجہ سے وزن میں توازن برقرار رہتا ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کیلئے بے حد اہم جز ہے۔ وزن کے توازن کے ساتھ ساتھ کیفین قبض کشا بھی ہوتی ہے۔