بھارتی وزیرکی قریبی خاتون کے 2 فلیٹس سے 35کروڑ کیش اور 5کلوگرام سونا برآمد

بھارتی وزیرکی قریبی خاتون کے 2 فلیٹس سے 35کروڑ کیش اور 5کلوگرام سونا برآمد
بھارتی وزیرکی قریبی خاتون کے 2 فلیٹس سے 35کروڑ کیش اور 5کلوگرام سونا برآمد

  

 نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال کے وزیر تجارت و صنعت پارتھ چتر جی کی قریبی خاتون ارپتا مکھرجی کے 2 فلیٹس سے پولیس نے 35کروڑ بھارتی روپے سے زائد کیش اور 5کلوگرام سونا برآمد کر لیا۔" انڈیا ٹوڈے" کے مطابق ارپتا مکھر جی نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ ان کے گھروں سے ملنے والی رقم اور سونا ریاستی وزیر پارتھ چترجی کا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ارپتا مکھر جی پیشے کے اعتبار سے ایک اداکارہ ہیں جو فلم انڈسٹری میں تو کوئی خاطرخواہ کامیابی نہ سمیٹ سکیں اور نام نہ بنا سکیں تاہم وہ مغربی بنگال کی حکمران جماعت کی قیادت کا قرب حاصل کرنے میں کسی طرح کامیاب گئیں۔بتایا گیا ہے کہ ارپتا 2017ء میں پارتھ چترجی اور پارٹی کے دیگر قائدین کے قریب آئیں۔

"انڈیا ٹوڈے "کے مطابق ارپتا مکھر جی کو وزیرصنعت و تجارت پارتھ چتر جی کے ساتھ کئی تقریبات میں سٹیج پر بیٹھے بھی دیکھا گیا۔ ایک تقریب میں وہ وزیراعلیٰ ممتا بینر جی کے ساتھ بھی سٹیج پر موجود تھیں اور اس تقریب میں ممتا بینر جی نے ارپتا کی تعریف بھی کی تھی اور کہا کہ وہ فلم انڈسٹری میں بہت اچھا کام کر رہی ہیں۔

ارپتا مکھرجی بنگلہ فلموں میں سائیڈ رول کرتی تھیں اور پھر انہوں نے تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری میں بھی قسمت آزمائی کی لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔ مبینہ طور پر ارپتا مکھر جی اور پارتھ چتر جی نے ٹیچرز کی بھرتیوں میں رشوت اورخردبرد کے ذریعے یہ رقم حاصل کی تھی جو کیش اور گولڈ کی شکل میں ہی ارپتا کے دو گھروں میں چھپا کر رکھی گئی تھی۔اس وقت پارتھ چتر جی اور ارپتا مکھرجی دونوں زیرحراست ہیں اور ان سے اس سکینڈل کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -بین الاقوامی -