زین حسین قریشی کی عبوری ضمانت ضمانتی مچلکوں کے عوض کنفرم کرنےکا حکم
ملتان ( خصو صی ر پورٹر) ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین حسین قریشی کی تھانہ مخدوم رشید میں درج مقدمہ نمبر 931 میں عبوری ضمانت وکلا بحث کے بعد ضمانتی مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا(بقیہ نمبر7صفحہ6پر )
حکم دیا ہے ۔ جبکہ مختلف مقدمات میں شاہ محمود قریشی اور زین قریشی کی عبوری ضمانتوں پر وکلا بحث کے لئے سماعت 10 اگست مقرر ہے۔ قبل ازیں فاضل عدالت میں شاہ محمود قریشی اور انکے صاحبزادے زین قریشی نے عبوری ضمانتیں منظور کرنے کی درخواست دائر کی تھیں ۔ درخواست کے مطابق 9 مئی کو تھانہ اولڈ کوتوالی کے علاقہ چونگی نمبر پر احتجاج کرنے پر مقدمہ نمبر 478 درج کیا گیا جبکہ تھانہ کینٹ کے علاقے میں توڑ پھوڑ اور حساس تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے مقدمہ نمبر 868، 869 اور 870، اور تھانہ مخدوم رشید نے مقدمہ نمبر 931 درج کیا۔ ان مقدمات میں متعدد کارکن گرفتار ہوئے اور متعدد شناخت پریڈ نہ ہونے پر ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ قبل ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان کے جج صادق مسعود صابر نے مقدمہ نمبر 868 869 اور 870 میں 7 اے ٹی اے ختم کردی تھی۔ مقدمہ میں الزام ہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کینٹ میں احتجاج کیا اس دوران چوکی اور بینک اے ٹی ایم کو نقصان پہنچایا گیا۔ ملزمان کے ہاتھوں میں ڈنڈے ، سوٹے ، پیٹرول اور دیگر سامان کی موجودگی ظاہر کی گئی اور پی ٹی آئی کی اعلی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو اکسانے کا بھی الزام لگایا گیا۔
