آلودگی سے پاک کپاس کےلئے پرگرام متعارف کرایاجائےگا، تصور حسین
ملتان ( سپیشل رپورٹر) پاکستان کے معاشی بحرانوں کا واحد حل اچھی کوالٹی کی کپاس سے وابستہ ہے جو ٹیکسٹائل انڈسٹری کی اہم مانگ ہے جس سے نہ صرف ملک میں اعلی معیار کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری ممکن ہوسکے گی بلکہ برآمدی صنعتی مصنوعات سے کثیر(بقیہ نمبر23صفحہ6پر )
زرمبادلہ بھی ملک کو حاصل ہو گا۔ یہ بات ڈائریکٹر پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈانسٹی ٹیوٹ، ملتان ڈاکٹر تصور حسین ملک نے پی سی ایس آئی کے زیر انتظام کاٹن سلیکٹرز ٹریننگ پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ ملک میں کپاس کی درجہ بندی کرنے کا واحد ادارہ ہے اور بین الاقوامی میعارکے مطابق کپاس اور روئی کی درجہ بندی کا کام کرتا ہے اور ہمارا مقصد کاشتکاراور نجی شعبے کو کپاس کی درجہ بندی اور میعار بہتر بنانے کے لیے کاٹن کلاسنگ، گریڈنگ اور انتخاب کے علاوہ فائبر ٹیسٹنگ سے متعلق تکنیکی تربیت فراہم کرنا ہے۔ ٹریننگ پروگرام میں محکمہ زراعت توسیع پنجاب، محکمہ زراعت توسیع سندھ، پاکستان کاٹن جنرز ایسو سی ایشن اور پاکستان کاٹن بروکرز ایسوسی ایشن کے30سے زائد تربیتی شرکا نے شرکت کی۔ پی سی ایس آئی کے زیر انتظام یہ تربیتی پروگرام26جولائی تا8اگست تک جاری رہے گا۔ ڈاکٹر تصور حسین ملک نے تربیتی شرکا کوبتایا کہ وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ پاکستان کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے پوری طرح کوشاں ہے اور اس کے لئے فنڈز کی فراہمی اور لیباٹریز کی اپ گریڈیشن اور جدید مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ہر قسم کے وسائل مہیا کرے گی۔ مزیدبرآں پنجاب اورسندھ میں کاٹن ا سٹینڈرائزیشن کا کام جلد پائلٹ بنیادوں پر شروع ہونے جا رہا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ کاشتکاروں کے لئے بھی آلودگی سے پاک کپاس کی پیداوار کے لیے پرگرام متعارف کرایا جائے گا۔آلودگی سے پاک کپاس سے بہتر گریڈ اور میعار کی روئی بنائی جاسکتی اور جس سے اچھی کوالٹی کا کپڑا بنانے سے ٹیکسٹائل برآ مدات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ تربیتی پروگرام کے شرکا سے ریجنل انچارج پاکستان سنٹرل کاٹن اسٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ سید کلیم الدین،ساجد محمود سربراہ شعبہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی،سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان اور دیگر ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کورسز کا بنیادی مقصد نہ صرف پرائیویٹ سیکٹر کو کپاس کی درجہ بندی اور معیار کی بہتری کیلئے گریڈنگ، کلاسنگ، کاٹن کے انتخاب اور فائبر ٹیسٹنگ سے متعلق تکنیکی تربیت دیناہے بلکہ کاشت کاروں،جنرز، ٹیکسٹائل سیکٹر، ریسرچ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی اور کاٹن ویلیوچین سے جڑے مسائل کے حل کی ہر ممکنہ کوششوں کو جاری رکھنا بھی ہیں۔ تربیتی پروگرام کے اختتام پر8اگست کو کاٹن سیلیکٹرز کو ادارہ کی طرف سے سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے۔
