مالی سال 2023.24کیلئے سٹی کونسل مردان کا 1ارب 71کروڑ 60 لاکھ کا فاضل بجٹ پیش
مردان (بیورورپورٹ) سٹی میئر مردان حمایت اللہ مایار نے مالی سال 2023-24کے لئے سٹی کونسل مردان کا ایک ارب71کروڑ ساٹھ لاکھ سے زیادہ کا فاضل بجٹ پیش کر دیا۔سٹی کونسل کا بجٹ اجلاس پریزائڈنگ آفیسر بابر خان کی صدارت میں سٹی کونسل ہال میں منعقد ہوا۔بجٹ پیش کرتے ہوئے سٹی میئر حمایت اللہ مایار نے کہاکہ بجٹ میں اخراجات کا تخمینہ ایک ارب 69 کروڑ 49 لاکھ 83ہزار روپے لگایا گیا ہے جس سے سال کے آخر میں ایک کروڑ 66 لاکھ سے زائد بچت متوقع ہے۔آمدن کی تفصیل بیان کرتے ہوئے سٹی میئر نے کہاکہ صوبائی حکومت سے متوقع آمدن کا تخمینہ 61 کروڑ 3 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جبکہ تحصیل مردان کے اپنے ذرائع سے آمدن کا تخمینہ 35 کروڑ 77 لاکھ 90 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ اخراجات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے حمایت اللہ مایار نے کہاکہ بجٹ میں تنخواہوں،پنشن وغیرہ کے لئے88ںکروڑ 3 لاکھ 27 ہزار، غیر ترقیاتی اخراجات کے لئےب44 کروڑ 31 لاکھ جبکہ ترقیاتی اخراجات کے لئے37 کروڑ 5 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 2 کروڑ 60 لاکھ جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 35 کروڑ 45 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔سٹی میئر نے کہاکہ بجٹ میں مساجد وکمیونٹی سنٹرز میں لائبریوں کے قیام کے لئے 2 کروڑروپے، ستوری دا مردان کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے دو سو طلبہ و طالبات کے لئے سکالرشپ کی مد میں ایک کروڑ 25 لاکھ روپے، یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ کے لئے ایک کروڑ روپے، تحصیل مردان میں سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پانچ کروڑ، معذور افراد کے فلاح و بہبود کے لئے ایک کروڑ روپے، وومن ریسورس سنٹر کے لیے ضروری آلات کی خریداری کے لئے ایک کروڑ روپے، خواتین کے لئے آمدن کے ذرائع بڑھانے کے لئے کاٹیج فشریز منصوبے کے لئے ایک کروڑ روپے، مساجد کے لئے ایک کروڑ روپے، مردان شہر کی خوبصورتی،چوراہوں کو چوڑا کرنے، ٹریفک سنگلز کی تنصیب کے لئے ساڑھے پانچ کروڑ روپے، ٹی ایم اے کے لئے کوڑا کرکٹ جمع کرنے والی گاڑیوں اور آلات کی خریداری کے لئے 5 کروڑ روپے، نئے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پرانوں کی مرمت کے لئے سات کروڑ روپے، مردان میں سرکاری ملازمین کے بچوں کےلئے معیاری تعلیمی ادارے کے قیام کے لئے کنسلٹنٹ کی تقرری کے لئے ایک کروڑ روپے رکھے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی میئر حمایت اللہ مایار نے کہاکہ مردان تحصیل کی ترقی کے لئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تحت واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی کی وساطت سے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کام جاری ہے جبکہ 4.5 ارب روپے کی لاگت سے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے پلانٹ اور 58 کروڑ روپے کی لاگت سے گرین بیلٹ اور شجرکاری کی جائے گی۔ بعدازاں پریز ائڈنگ آفیسر نے اجلاس31جولائی تک ملتوی کر دیا۔
