ٹوئٹر کے مقابلے تھریڈ متعارف کروائے جانے کے بعدمیٹا کے ایگزیکٹوز بھی حیران،مارک زکر برگ کا تازہ بیان آگیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام اور تھریڈز کی مالک کمپنی میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ ان کا نیا سوشل میڈیا نیٹ ورک ’تھریڈ‘ میٹا کا اگلا مقبول ترین سوشل میڈیا نیٹ ورک ہو گا، جس کے صارفین کی تعداد بہت جلد 1ارب تک پہنچ جائے گی۔
مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ تھریڈز ہماری توقع سے بڑھ کر مقبول ہو رہی ہے۔ اس کی ابتدائی کامیابی نے ہمارے ایگزیکٹوز کو حیرت میں ڈال دیا اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ روزانہ ہماری توقع سے زیادہ لوگ اس پلیٹ فارم کو استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھریڈز کی لانچنگ کے بعد اسے جس تیزی کے ساتھ صارفین نے جوائن کیا، وہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے کسی نئی سوشل میڈیا ایپلی کیشن پر اتنی تیزی سے لوگ نہیں آئے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا ایپلی کیشن ’تھریڈز‘ رواں ماہ لانچ کی گئی تھی جسے لانچنگ کے بعد 10کروڑ سے زائد لوگوں نے جوائن کیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ میٹا کی طرف سے اپنی اس نئی ایپلی کیشن کی انسٹاگرام، فیس بک اور دیگر ایپس پر تشہیر کرنے سے بھی اجتناب کیا گیا۔
