یوم عاشور سے ایک روز قبل حضرت سیّدہ زینبؓ کے مزار کے قریب دھماکہ، 6 افراد شہید
دمشق(ڈیلی پاکستان آن لائن) شام میں یوم عاشور سے ایک روز قبل حضرت سیّدہ زینبؓ کے مزار کے قریب دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
شام کی سرکاری میڈیا نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ دمشق کے زینبیہ ٹاون میں سیدہ حضرت زینب رضی اللہ عنہا کے مزار کے قریب بم دھماکہ ہوا۔ بم کو ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کی وجہ سے کم از کم 6افرادشہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دمشق کے اس محلّے کا نام سیدہ حضرت زینبؓ کے نام پر رکھا گیا ہے۔
شامی وزیر صحت حسن الغباش نے ایک بیان میں کہا کہ سیدہ حضرت زینبؓ کے مزار کے قریب ہونے والے دھماکے میں زخمی ہونے والے کم ازکم 26 افراد کا ہسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ 20 دیگر کو بنیادی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد رخصت کر دیا گیا ہے۔ایک سرکاری ملازم ابراہیم نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ہم نے زوردار دھماکے کی آواز سنی جس کے بعد لوگوں نے بھاگنا شروع کردیا۔ بعد میں وہاں ایمبولینس پہنچی اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ مزار سے کوئی 600 میٹر کی دوری پر ہوا۔
ادھر ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کا کہنا ہے کہ دوسرا دھماکہ خیابان کوع سودان میں پانی اور شربت کی ایک سبیل کے قریب ہوا۔
شامی وزارت داخلہ نے ان حملوں کو "دہشت گردی کا واقعہ" قرار دیا ہے۔ سرکاری ٹیلی وژن نے ابتداء میں کہا تھا کہ دھماکہ ٹیکسی میں رکھے بم کی وجہ سے ہوا تاہم بعد میں کہا کہ بم کو ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔برطانیہ میں قائم شام کے حالات پرنگا ہ رکھنے والی حزب اختلاف کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے خبر دی ہے کہ شہید ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے اور اس کے3 بچّے زخمی ہوئے ہیں۔
