لوگوں کی ایمانداری آزمانے کے لیے چکوال میں دکاندار کے بغیر آموں سے بھری ریڑھی لگادی گئی ، پھر نتیجہ کیا نکلا؟

Jul 28, 2025 | 03:34 PM


چکوال (ویب ڈیسک) لوگوں کی ایمانداری آزمانے کے لیے چکوال میں دکاندار کے بغیر آموں سے بھری ریڑھی لگادی گئی ، ریڑھی کرائے پر لی گئی تھی جبکہ مقامی لوگوں کی ایمانداری نے یہ تجربہ کرنے والوں کو بھی اپنا فین بنالیا۔ 
تفصیل کے مطابق چکوال کے دیہی علاقے میں ایک ریڑھی لگائی گئی تھی جس پر لکھا گیا تھا کہ "اللہ دیکھ رہا ہے، یہاں پر دکاندار نہیں، آم 200روپے کلو" ساتھ ہی کیش باکس اورترازو رکھا گیا۔ 
صبح تقریباً10بجے ریڑھی کھڑی کردی گئی ، دن ڈھلنے کے بعد ریٹ 200روپے فی کلوگرام سے کم کرکے 150روپے کردیاگیا جس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ تمام آم ایک جیسے نہیں تھے، کچھ آم درمیانے درجے کے تھے جو بچ بھی گئے ، اس وجہ سے ریٹ کم کردیاگیا۔ 
شام تقریباً ساڑھے 6بجے ریڑھی کا سسٹم ختم کیاگیا اور بتایاگیا ہے کہ دس ہزار 400روپے کے 68کلوگرام آم تھے، تقریباًآٹھ کلو کی ایک پیٹی تھی اورآٹھ پیٹیاں لائی گئی تھیں۔ باقی تقریباًساڑھے 6کلوگرام آم بچ گئے اور کیش باکس سے 9,950روپے برآمد ہوئے جو لوگوں نے خریداری کے بعد ڈالے تھے۔ 
ویڈیو بنانے والوں نے بتایاکہ مجموعی اخراجات 13,400روپے ہوئے تھے لیکن اس میں رکشے کا کرایہ، ریڑھی کا کرایہ ، سلوشن ٹیپ وغیرہ کے اخراجات بھی شامل تھے، اس کمی کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ہم نے اس کا ریٹ بھی کم کرکے 150روپے کردیا تھا لیکن یہ حساب پہلے نہیں لگایا کہ 200روپے کے حساب سے کتنے بکے تھے، اگر 33نمبر لیے جائیںتو وہ پاس شمار ہوتاہے، ایسے ہی میرے علاقے کے لوگ بھی پاس ہوگئے ہیں اور نام روشن کردیا۔ 
ویڈیو سامنےآنے پر سینئر صحافی حامد میر نے لکھا کہ "ویل ڈن چکوال ، آپ نے ثابت کر دیا کہ عام پاکستانی کا ایمان آج بھی سلامت ہے ،زیادہ بد دیانتی اوپر والوں میں ہے"۔

مزیدخبریں