تین دن کی مہلت دیتا ہوں ڈاکٹر ہڑ تال ختم کر کے مریضو ں کیلئے مسیحا بن جائیں : شہباز شریف

تین دن کی مہلت دیتا ہوں ڈاکٹر ہڑ تال ختم کر کے مریضو ں کیلئے مسیحا بن جائیں : ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ینگ ڈاکٹروں کی ہڑتال کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دے دیا ہے اور ہڑتالی ڈاکٹروں کو غیر کی تنبیہ کی ہے کہ انہیں تین دن کی مہلت دیتا ہوں ہڑتال ختم کرکے مریضوں کے لئے ”مسیحا“ بن جائیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کے جائز مطالبات پر بات ہوسکتی ہے۔ وہ مینار پاکستان کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈاکٹر کی تنخواہ باقی صوبوں کے مقابلے میں دو گنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کی تنخواہوں میں 30 فیصد کمی جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسوں کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ تنخواہوں کی مد میں اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ڈاکٹروں کی ہڑتال افسوسناک ہے۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ ڈاکٹر فوری طور پر ناجائز مطالبات سے دستبردار ہوجائیں۔ ڈاکٹری مقدس پیشہ ہے اسے رسوا نہیں کیا جانا چاہئے۔ قبل ازیں ڈینگی کی ممکنہ وباءسے نمٹنے کے ا نتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈینگی کی ممکنہ وباءسے نمٹنے کے لئے تمام ا نتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تربیت یافتہ عملہ، طبی آلات، عالمی ادارہ صحت کی تصدیق شدہ جراثیم کش اور دیگر ا دویات موجود ہیں اور ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بھی پوری طرح متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی وباءکی روک تھام کے لئے معاشرے کا اشتراک بے حد ضروری ہے اس لئے عوام کو ڈینگی سے بچاﺅ کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز جمعہ کے دوران ڈینگی سے بچاﺅ اور احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹ تقسیم کئے جائیں اور خطیب صاحبان اپنے جمعہ کے خطبہ میں پانچ منٹ صفائی کی اہمیت کے لئے مختص کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کو نصاب کا حصہ بنادیا گیا ہے اس لئے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ہفتہ وار ٹیسٹ میں ڈینگی کے بارے میں سوالات کو شامل کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور رنگ روڈ پر ہارٹی کلچر کے کام اور اس منصوبے کے حوالے سے دیگر معمولات کا جائزہ لیا گیا۔ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور رنگ روڈ اربوں روپے مالیت کا قیمتی اثاثہ ہے جس کی حفاظت اور دیکھ بھال نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اس منصوبے کی دیکھ بھال کی ذمہدار ہوگی اور وہ اس مقصد کے لئے وسائل حاصل کرنے کے لئے بزنس پلن مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور رنگ روڈ کو پیدل پار کرنے والے شہریوں کی شہولت کے لئے خوبصورت اور دیدہ زیب ڈیزائن کے اوور ہیڈ برج بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے لاہور رنگ روڈ کے منصوبے کے نام پر پراپرٹی کا کاروبار کیا اور لوٹ مار کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں لاہور رنگ روڈ کا جو حصہ بنایا گیا وہ انتہائی غیر معیاری اور ناقص ہے اور اس غیر معیاری کام کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -