صدر زرداری اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو نااہل قرار دینے کیلئے درخواست دائر
لاہور (نامہ نگارخصوصی) سپریم کورٹ کے روبرو صدر آصف علی زرداری اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو نااہل قرار دینے کےلئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار شاہد رانا ایڈووکیٹ کی جانب سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ2008 ئ میں ہونے والے انتخابات میں چالیس فیصد ووٹ جعلی تھے۔ جسکی وجہ سے اراکین قومی اسمبلی،سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات غیر آئینی اور غیر قانونی ہیں۔جعلی ووٹوں سے منتخب ہونے والے اراکین پارلیمینٹ نے ہی صدر پاکستان کا انتخاب کیا اس لیے صدر کا انتخاب بھی آئین کے خلاف ہے لہٰذا عدالت جعلی ووٹوںپر ہونے والے انتخابات کو غیرآئینی اور صدر سمیت دیگر اراکین پارلیمینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کو نااہل قرار دیتے ہوئے نئے انتخابات کروانے کے احکاما ت جاری کرے۔