ٹرک ٹرالہ موٹر ایسوسی ایشن کے وفد کی ڈی سی او کے ساتھ ملاقات
لاہور(کامرس رپورٹر) ضلعی حکومت کی جانب سے نیو ٹرک سٹینڈ میں انٹری فیس تو وصول کی جا رہی ہے مگر صفائی کا انتظام انتہائی ناقص ہے۔ نیو جنرل ٹرک سٹینڈ راوی لنک روڈ لاہور اور سبزہ زار ٹرک سٹینڈ میں گندگی کے ڈھیر اور ناجائز تجاوزات کی بھرمار ہے۔ نیو ٹرک سٹینڈ سرکاری طور پر فراہم کیا جائے اور جی ایف اے لائسنس کے اجراءکو یقینی بنایا جائے ۔چالان جمع کروانے کیلئے بینک اوقات میں اضافہ کیا جائے اور ٹریفک کے حوالے سے ٹریفک روڈ میپ فراہم کیا جائے۔ یہ مطالبات آل پاکستان ٹرک ٹرالا موٹر ایسوسی ایشن کے وفدنے مرکزی صدر حاجی عبدالمجید خان کی قیادت میں ڈی سی او لاہور نور الامین مینگل سے ٹاﺅن ہال میں ہونیوالی ملاقات کے دوران کئے۔ ملاقات میں گڈز ٹرانسپورٹ رہنماﺅں عبدالمتین شیخ ، چودھری ارشد، ملک ریاض، علی اکبر خان، ارشد علی و دیگر بھی موجود تھے جنہوں نے ضلع کے انتظامی سربراہ کو گڈز ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ مسائل کی طرف توجہ دے کر فوری اقدامات کئے جائیں جس پر ڈی سی او لاہور نور الامین مینگل نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو حل کرانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ٹرک اڈوں میں کوڑا کرکٹ اور تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاﺅن ، سیکرٹری آر ٹی اے ، ڈی ایس پی منیربٹ و دیگر افسران نے شرکت کی۔