نواب ٹاﺅن، کرائے کے تنازع پر پرائیویٹ ہسپتال کا مالک قتل

نواب ٹاﺅن، کرائے کے تنازع پر پرائیویٹ ہسپتال کا مالک قتل

  

لاہور(سپیشل رپورٹر) نواب ٹاون کے علاقہ میں کرائے کے تنازع پر ملزم نے فائرنگ کرکے پرائیوٹ ہسپتال کے مالک کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔ہستپال میں اندھا دھند فائرنگ سے شدید خوف وہراس پھیل گیا اور مریضوں کے لواحقین نے لیٹ کر اپنی جانیں بچائیں جبکہ خواتین نے خوفزدہ ہوکر دوڑیں لگادیں،پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرواکر کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نواب ٹاون کے علاقہ رائیوند روڈ پر واقع پرائیویٹ ہسپتال کے مالک محمد فاروق اور ملزم محمود رفیق کے مابین کرایہ داری کے تنازع پر رینٹ کنٹرولر کی عدالت میں کیس چل رہاتھا۔جس پرگزشتہ روز محمدفاروق عدالت سے بیلف لے کر آیا۔بیلف ٹیم نے پولیس کے بغیر ہسپتال میں داخل ہوکر کرایہ دار محمود رفیق کا سامان باہر نکال دیا۔جس پر ان میں تلخ کلامی ہوئی اور اشتعال میں آکر محمود رفیق نے فائرنگ کرکے محمد فاروق کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشن رائے محمد طاہر نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ایس پی صدر ڈویژن کیپٹن (ر) ملک لیاقت علی کو خصوصی احکامات جاری کئے، ایس پی صدر کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او نواب ٹاون ملک خالد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔ایس ایچ او نواب ٹاون ملک خالد کے مطابق نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوانے کے بعد مقتول کی بیوہ الماس بی بی کے بیان پر مقدمہ درج کرکے ملزم سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -