وزیراعظم کی رحمان ملک کو رمضان میں امن و امان کیلئے ہدایت

وزیراعظم کی رحمان ملک کو رمضان میں امن و امان کیلئے ہدایت

  

اسلام آباد (ثناءنیوز) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مشیر داخلہ رحمن ملک کو ملک میں رمضان المبارک کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کےلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کراچی میں قیام امن، ٹارگٹ کلرز اوربھتہ خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کو گزشتہ روز مشیر داخلہ نے ملاقات میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے مشیر داخلہ کو میڈیا کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال عزت و آبرو کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم نے بلوچستان کے اہم منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے وزارت خزانہ کو فوری طور پر ایکنک کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کردی۔ منصوبوں پر پیشرفت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ یہ ہدایات انہوں نے بدھ کو وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچ عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے حکومت تمام تراقدامات کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس معاملے میں قطعاً تاخیر نہیں ہوگی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کوہدایت کی کہ وہ بلوچ قیادت سے بات چیت کے لئے سازگار فضا قائم کرنے کے لئے کاوشیں کریں۔

مزید :

صفحہ آخر -