فراڈ ئیے عامل بابا نے معذور نوجوان کی پونجی ہتھیالی مقدمہ درج پولیس کا ملزم سے گٹھ جوڑ
لاہور(میاں رﺅف سے) پاکستان کے دل شہر لاہور میں جہاں چوروں، ڈاکوﺅں، اغواءکاروں نے پولیس کی کارکردگی کو سوالیہ نشان بنا رکھا ہے وہیں نام نہاد عامل بابے بھی سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنسا کر لاکھوں روپے لوٹ رہے ہیں ٹانگوں سے معذور نوجوان کو سبز باغ دیکھا کر اس کی زندگی بھر کی ڈیڑھ لاکھ روپے کمائی ہتھیالی گئی لاہور پولیس کے سربراہ نے متاثرہ نوجوان کی داد رسی کرتے ہوئے عامل بابا کے فوراً خلاف مقدمہ درج کروادیا لیکن ان کے ماتحت انوسٹی گیشن پولیس سول لائنز کو اس معذور پر رحم نہ آیا عامل بابا کو گرفتار کرنے کی بجائے الٹام معذور مدعی کو مقدمہ واپس لینے کے لئے دباﺅ ڈالنا شروع کردیا معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے انوسٹی گیشن پولیس کی مبینہ طور پر جیب گرم کردی تفصیلات کے مطابق شادمان کا رہائشی محمد عمران جو ٹانگوں سے معذور ہے اس نے سٹی پولیس چیف کو ایک درخواست دی جس میں الزام عائد کیا کہ 5ماہ قبل اخبار میں نادر کالیا عامل بابا کا اشتہار پڑھا کہ ہر کام وہ بہت جلدی اور خاموشی سے کردیتا ہے۔ اس نے لکھاکہ میرے والدین فوت ہوچکے ہیں اور میں دھوبی کا کام کرتا ہوں میرے بڑے بھائی نے مجھے گھر سے نکال کر اس پر قبضہ کرلیا اب میں اس دکان میں رہتا ہوں جہاں کپڑے دھوتا اور استری کرتا ہوں نادر کالیا کے پاس گیا جس نے کہا کہ 10 دن عمل کرونگا تمہارا بھائی خود تم سے معافی مانگ کر گھر واپس لے جائے گا اور تمہاری ٹانگیں بھی ٹھیک ہوجائینگی اس کے لئے 50 ہزار روپے لگیں گے شروع میں اس نے ایسا عمل کرنا شروع کیا کہ مجھے یقین ہونا شروع ہوگیا کہ بڑا بھائی ضرور مجھ سے معافی مانگ کر واپس والدین کے گھر لے جائے گا آہستہ آہستہ نادر کالیا نے مجھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے رقم وصول کرلی لیکن نہ میں گھر جاسکا اورنہ ٹانگیں ٹھیک ہوئیں اور نہ ہی مجھے میری رقم جو زندگی بھرکی پونجی تھی واپس ملی الٹا نادر کالیا مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں مقامی پولیس کے پاس بھی گیا لیکن انہوں نے کوئی دادرسی نہ کی سٹی چیف پولیس نے درخواست پر سخت ایکشن لیتے ہوئے دو روز قبل نادرکالیا کے خلاف سول لائنز پولیس میں ایف آئی آر نمبر 573/2012 درج کروا دی ۔ بالائے انویسٹی گیشن پولیس سول لائنز نے اس معذور شخص کو انصاف دلوانے کے لئے نادرکالیا بابے کو گرفتار نہیں کیا بلکہ رشوت لے کر معذور مدعی محمد عمران پر پریشر ڈالنا شروع کردیا ملزم بااثر ہے تمہیں دوسرے مقدمات میں پھنسوا کر رسوا کردے گا تمہیں کچھ رقم واپس دلوادیتے ہیں تم مقدمہ واپس لے لو معذور محمد عمران نے آئی جی پنجاب پولیس سٹی چیف پولیس اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن سے روزنامہ پاکستان کی وساطت سے انصاف ملنے کی اپیل کی ہے جبکہ رابطہ کرنے پر سول لائنز پولیس انوسٹی گیشن نے موقف اختیار کیاکہ جلد نادر کالیا کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائینگے۔