ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹرک پر خوشی ہوئی، زرڈن شکیری
ریوڈی جنیرو ( نیٹ نیوز) سوئٹزرلینڈ کے سٹرائیکر زرڈن شکیری نے کہا ہے کہ وہ بیسویں فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں پہلی ہیٹرک کا اعزاز حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ زرڈن شکیری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنا بہت مشکل عمل ہوتا ہے اور وہ اپنے اس اعزاز پر بہت خوش ہیں تاہم زرڈن شکیری نے کہا کہ انکی تمام تر توجہ میگا ایونٹ کے آئندہ میچوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میگا ایونٹ کے بقیہ میچوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار اد کرینگے۔ شکیری نے ہنڈراس کے خلاف کھیلے گئے میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ برازیل میں جاری میگا ایونٹ میں دنیائے فٹ بال کی کئی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک میچ میں دو گول سکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
تاہم پہلی ہیٹرک کرنے کا اعزاز سوئٹزرلینڈ کے شکیری کو حاصل ہوا۔ شکیری نے ہنڈراس کے خلاف کھیلے گئے گروپ کے آخری میچ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے تین گول سکور کے نہ صرف اپنی ٹیم کو ناک آﺅٹ مرحلے میں پہنچانے میں کردار ادا کیا بلکہ رواں ٹورنامنٹ میں پہلی ہیٹرک کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ واضح رہے کہ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں ارجنٹائن کے خلاف یکم جولائی کو پنجہ آزمائی کریگی دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ رات نو بجے ساﺅپاﺅلو کے مقام پر کھیلا جائیگا۔