ناتجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ انگلینڈ سے کامیابی چیلنج ہے، دھونی
لائسیسٹر ( نیٹ نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ناتجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز نیا چیلنج ہو گی۔ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 9 جولائی سے ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے ہاتھوں ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ہو سکتا ہے کہ انگلش ٹیم کا مورال کم ہو گیا ہو تاہم میزبان ٹیم کے کھلاڑی یہاں کی کنڈیشنز کو ہم سے زیادہ بہتر سمجھتے ہیں اسلئے میرے خیال میں ٹیسٹ سیریز کانٹے دار ہو گی، ہم طویل عرصے بعد پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے جا رہے ہیں اسلئے یہ ہمارے لئے نئی چیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کے ہاتھوں سیریز میں شکست کے باوجود متوازن اور مضبوط ہے اسلئے کھلاڑیوں کو اس کے خلاف بھرپور مقابلے کیلئے تیار ہونا ہو گا۔