خاندانی شناخت کو ہمیشہ اہمیت دیتی ہوں‘رانی مکھر جی
ممبئی ( نیٹ نیوز)بالی وڈ کی ادکارہ رانی مکھر جی نے کہا ہے کہ وہ اپنی خاندانی شناخت کو اہمیت دیتی ہے ، اور نام میں اپنے شوہر کا نام شامل نہیں کرے گی۔بالی وڈ کی اداکارہ رانی مکھر جی نے واضح کیا ہے کہ وہ کرینہ کپور اور ایشوریہ رائے کے نقش قدم پر نہیں چلے گی اور شادی کے بعد بھی وہ خود کو رانی مکھرجی کہلانا ہی پسند کرے گی۔ یاد رہے کہ شادی کے بعد ایش،ایشوریہ رائے بچن اور کرینہ،کرینہ کپور خان بن گئی ہے ، تا ہم رانی کاکہنا ہے کہ وہ اس پریکٹس سے پرہیز کرے گی ، اور شوہر آدیتیہ چوپڑہ کا نام شامل نہیں کرے گی۔ اس کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے نام سے محبت ہے ، اور میں اس میں کوئی تبدیلی نہیں کروں گی۔ میرے مداح مجھے رانی مکھرجی کے نام سے جانتے ہیں ، اور ہمیشہ اسی نام سے ہی یاد رکھیں گے۔ اپنی شادی خفیہ رکھنے کے بارے ایک سوال کے جواب میں رانی نے کہا کہ یہ آدیتیہ کی سوچ تھی۔ رانی اور چوپڑہ نے دو ماہ قبل اکیس اپریل کو اٹلی میں چپکے سے شادی کرلی تھی۔