آیاتِ قرآنی اور احادیث رسول ﷺ کی توہین نہ کیجئے

آیاتِ قرآنی اور احادیث رسول ﷺ کی توہین نہ کیجئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مکرمی! پاکستانی اخبارات کے ایڈیٹر حضرات کا جذبہ اشاعت اسلام لائق تحسین ہے لیکن ان سے نادانستہ طور پر آیاتِ قرآنی اور احادیث رسول ﷺ کی توہین کا ارتکاب ہورہا ہے کیونکہ اخبارات میں شریک اشاعت اسلامی صفحات میں ماہ رمضان المبارک کی آمد پر روزانہ خلاصة القرآن کے زیرعنوان اردو زبان میں شائع کیا جاتا ہے اسے اخبارات کے ساتھ ہی شام کو ردی میں پھینک دیا جاتا ہے جبکہ بغیر اصل عربی متن قرآن کریم کی طباعت ممنوع ہے، حالانکہ بلامتن اردو وغیرہ زبانوں میں طبع شدہ قرآن کریم نہایت ادب کے ساتھ رکھے جاتے ہیں۔
آیات قرآنی اور احادیث رسول ﷺ اس طرح شائع کی جارہی ہیں کہ ایک طرف اسلام کی تعلیمات پر مشتمل مضمون اور دوسری طرف اداکار عورتوں کی تصاویر ہوتی ہیں، جو نادانستہ گستاخی کے زمرے میں آتی ہیں۔
اخبارات کے ایڈیٹروں کو چاہیے کہ اسلامی صفحات چھوٹے سائز پر جیسا کہ بچوں کا اخبار شائع کیا جاتا ہے اسی طرح اسلامی ایڈیشن الگ سائز پر شائع کیا جائے تاکہ ہر ماہ یا سال کے بعد اس کی جلد سازی ہوسکے اور اسلامی معلومات پر مشتمل ہر گھر میں ایک اچھی کتاب فراہم ہوسکے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے جرائد و اخبارات کے ایڈیٹروں کو سنجیدگی کے ساتھ اس پہلو پر غور کرکے آیاتِ قرآنی، احادیث رسول ﷺ، اقوال صحابہ کرامؓ اور ارشادات بزرگان دین اسلام پر مشتمل معلومات کا شایانِ شان طریقے سے شائع کرنے کا اہتمام کرنا چاہیے تاکہ اخبارات کے ساتھ ردی میں نہ پھینکی جاسکیں اور حالیہ دانستہ توہین اہل بیت کے ارتکاب کی طرح پاکستانی اخبارات کے خلاف بھی توہین اور گستاخی پر مشتمل کسی نوعیت کی اشتعال انگیز تحریک نہ جنم لے سکے اس سے اجتناب کا طریقہ اختیار کرلینا چاہیے۔

(خیر خواہ.... مجاہد الحسینی، فاضل دارالعلوم ڈابھیل ضلع سورت (انڈیا) 1944ء، سابق ایڈیٹر روزنامہ آزاد لاہور، ہفت روزہ خدام الدین لاہور)

مزید :

اداریہ -