ایچی سن کالج کی قابل تحسین داخلہ پالیسی
گزشتہ ہفتے لاہور کے مشہور تعلیمی ادارے ایچی سن کالج نے دوسری جماعت (کے۔ٹو )میں داخلے کے لئے کامیاب ہونے والے بچوں کی فہرست لگائی۔ داخلے شروع ہونے سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ اس سال کے۔ٹو میں 120 سیٹوں پربچوں کا داخلہ کیا جائے گا اورداخلہ ٹیسٹ میں 50 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والوں کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ فہرست آویزاں کی گئی تو اس میں صرف 74 بچوں کا نام تھا جبکہ باقی 46 سیٹیں خالی چھوڑ دی گئی تھیں۔ کالج انتظامیہ کا مو قف تھا کہ صرف 74 طلباء ہی 50فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کر پائے ہیں۔ اس کے برعکس بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ دانستہ طور پر یہ سیٹیں خالی چھوڑ دی گئی ہیں تاکہ ان پر اہم شخصیات کے بچوں کو داخلہ دیا جا سکے۔بہت سے والدین نے کالج کے بورڈآف گورنر کے ممبران اور بورڈ کے چیئر مین گورنرپنجاب تک بھی اپنی شکایات پہنچائیں، جن کا نوٹس لیتے ہوئے گورنر پنجاب نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بچوں کے داخلے کا فیصلہ صرف اور صرف میرٹ پر ہو گا۔گزشتہ روز گورنر پنجاب نے بتایا کہ میرٹ پر بچوں کا داخلہ یقینی بنانے کے لئے کے بچوں کا دوبارہ امتحان لیا جائے گا۔اُن کے مطابق انٹرویو کی بنیاد پر داخلے کی تجویز بھی زیر غور تھی لیکن وہ اِس سے متفق نہیں اور بہتر یہی ہے کہ داخلہ ٹیسٹ میں 50 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے بچوں کا دوبارہ امتحان لیا جائے ۔ اس سلسلے میں کالج انتظامیہ نے گزشتہ روز داخلے کا امتحان دینے والے تمام طلباء کی لسٹ اُن کے نمبروں کے ساتھ بورڈ پر آویزاں کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہا کہ انتظامیہ نے 14 اگست کے بعد پہلے اتوار یا پیر کو دوبارہ داخلہ امتحان لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بلاشبہ یہ ایک قابل تحسین فیصلہ ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کالج کی انتظامیہ، بورڈ اورگورنر پنجاب کے ہر فیصلے کی بنیاد میرٹ ہے اور وہ پوری دیانت داری سے اپنا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ یقیناًاب کالج کا معیار بہتر سے بہترین ہوتا جائے گا کہ اِس کی باگ ڈورقابل لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔اب ہم یہ امید بھی کرتے ہیں کہ باقی تمام تعلیمی ادارے بھی اس کی تقلید کرتے ہوئے میرٹ پر داخلے یقینی بنائیں گے تاکہ لوگوں کا سسٹم پر اعتماد بحال ہو سکے۔