میں بے قصور ہوں: ویناملک
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ وینا ملک نے کہا ہے کہ جیو کے پروگرام میں شرکت کا فیصلہ درست تھا لیکن جو ہوا اس پر ان کا کوئی اختیار نہیں تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وینا ملک نے کہا کہ ان کی نیت بالکل صاف تھی اور وہ ایسی کسی چیز کا تصور بھی نہیں کر سکتے جو گستاخی کے زمرے میں آتی ہو۔ اس پروگرام کے بعد دائر ہونے والے متعدد مقدمات کے سٹیٹس سے متعلق سوال کے جواب میں وینا ملک نے کہا کہ ”اس پروگرام کے بعد متعدد مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں انہیں بھی نامزد کیا گیا ہے ، لیکن وہ ذاتی حیثیت سے یہ بتانا چاہتی ہیں کہ جب بھی آپ مہمان ہونے کے ناطے کسی پروگرام میں شرکت کرتے ہیں تو اس پروگرام کے مواد پر آپ کا کوئی کنٹرول نہیں ہوتا، چیزوں کو کس طرح سے دکھایا جاتا ہے اس پر کوئی کنٹرول نہیں ہوتا اور اگر پہلے سے پتہ ہوتا تو یقینا ایسی نوبت نہ آتی“۔ ہمارا دین اور ایمان ہے کہ نبی کریمﷺ، ان کی آل، صحابہ کرام اور اہل بیت کی قدموں کی خاک کے برابر بھی نہیں جبکہ ان کی شان میں گستاخی کا سوچ بھی نہیں سکتے تاہم امید ہے کہ جلد سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔