جائیکا کے تعاون سے تیارکردہ نئے نصاب کی تدریس کیلئے ٹریننگ سیشن اختتام پذیر
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے ماڈل تعلیمی اداروں میں جائیکا کے تعاون سے تیارکردہ نئے نصاب کی تدریس کیلئے ان تعلیمی اداروں کے اساتذہ کا تین روزہ ٹریننگ سیشن سرگودھا اور ساہیوال میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر پرویز احمد خان کی ہدایت پر ساہیوال ڈویثرن کے اضلاع اوکاڑہ ، پاکپتن اور ساہیوال سے بنیادی سکولوں کے38جبکہ سرگودھا ڈویثرن کے پائلٹ اضلاع میانوالی اور منڈی بہاؤ الدین کے24زنانہ و مردانہ اساتذہ نے ٹریننگ میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری لٹریسی ندیم عالم بٹ نے بتایا کہ ساہیوال ڈویثرن میں منعقدہ ٹریننگ سیشن کی مانیٹرنگ کیلئے ڈاکٹر منور حسین ،ڈپٹی ڈائریکٹر(ریسرچ اینڈ کریکولم) جبکہ سرگودھا کیلئے رائے فیصل رضا ، ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ) کو مقرر کیا گیا تھا جو ٹریننگ کے انتظامات ، افادیت اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق ایک جامع رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کرینگے۔ واضح رہے کہ محکمہ کے بنیادی تعلیمی اداروں میں نئے نصاب کی ترویج سے پانچویں جماعت تک کا تعلیمی دورانیہ چھ سال کی بجائے صرف چالیس ماہ کا ہو گا اور طلباء پنجاب ایگزیمینیشن کمیشن (PEC) کا امتحان دینے کے اہل ہوں گے۔