عمران خان کا لانگ مارچ بری طرح ناکام ہو گا،رانا بابر حسین
لاہور(نمائندہ خصوصی) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ عمران خان کالانگ مارچ بری طرح ناکام ہوگا ،مسلم لیگ( ن) ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام رہی ہے جو عمران خان کو ہضم نہیں ہورہے ،ہمارا مسئلہ محض بجلی کی دستیابی نہیں ہم فروغ پذیر معیشت اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سستی اور قابل برداشت بجلی کے لئے کوشاں ہیں اس ضمن میں بجلی کی قلت کو دور کرنے اور اپنی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے لئے کے حوالے سے پن بجلی کا کردار انتہائی اہم ہے، نظام میں پن بجلی شامل کر کے ہم بجلی کے نرخوں میں کمی اور اس کے نتیجہ میں عام آدمی کو سہولت فراہم کر سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دریائے سندھ کے بہاؤ پر پن بجلی کا منصوبہ ہے ۔جو قصبہ داسو ضلع کوہستان خیبرپختونخوا سے 7 کلومیٹر اپ سٹریم واقع ہے اس کی نصب شدہ گنجائش 4320 میگاواٹ ہے، یہ منصوبہ دو مراحل میں تعمیر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پہلا مرحلہ 2160 میگاواٹ کی گنجائش کے ساتھ 6 یونٹوں، اراضی کے حصول، نو آباد کاری اور ماحولیاتی و سماجی مینجمنٹ پر مشتمل ہے، دوسرے مرحلے میں بقیہ چھ یونٹوں کی تنصیب ہو گی، دوسرے مرحلے کی تعمیر پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد کی جائے گی پہلے مرحلے کی مجموعی لاگت 486093.3 ملین روپے ہے اور یہ پانچ سالوں میں مکمل ہو گا جبکہ پہلا یونٹ ساڑھے چار سال کے بعد پیداوار شروع کر دے گا۔