جماعۃ الدعوۃ اور اسکے رہنماﺅں پر امریکی پابندی کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج ، ریلیاں، مظاہرے
لاہور (سٹاف رپورٹر)امریکہ کی طرف سے جماعةالدعوة اور اس کے رہنماﺅں پر پابندیوں کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی،ملتان، کراچی، ڈیرہ اسمٰعیل خاں اور دیگر شہروںمیں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں طلبائ، وکلائ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور جماعةالدعوة پر پابندیوں کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک لاہور میں کیا گیاجبکہ وزیرستان متاثرین کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خاں میں بھی جماعةالدعوة کے حق میں اور امریکہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا ۔ حافظ محمدسعید کے خطاب کے دوران بھارت و امریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ ملک گیر یوم احتجاج کے دوران جید علماءکرام ، شیوخ الحدیث اور مذہبی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پاس کی گئیںاور جماعةالدعوةپر پابندیوں اور اس کے رہنماﺅںکو دہشت گرد قرار دیے جانے کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔ جماعةالدعوة پاکستان کی طرف سے چوبرجی چوک کئے جانے والے احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمدسعید،لاہور ہائی کورٹ بار کے سابق سیکرٹری عبدالطیف سراءایڈووکیٹ، امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم،پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین چوہدری محمد انور، ایپکا یونین کے رہنما میاں مصطفیٰ،پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنما مولانا محمد ادریس فاروقی، حبیب الرحمن ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادی جماعةالدعوة پر پابندی لگاکر ہماری آواز خاموش کرنا چاہتے ہیں لیکن شکست خوردہ امریکہ کی پابندیاں کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔پابندیوں سے مسلمانوںکی غیرتیں مزید اجاگر ہوں گی۔ پاکستان کا بچہ بچہ جماعةالدعوة کے ساتھ کھڑا ہے۔ہم دعوت، ریلیف اور مسلمانوںکو متحد و بیدار کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ،جماعةالدعوة ملک کے کونے کونے میں جاکر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کو بے نقاب کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم پر بار بار پابندیوں کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔پاکستان میں امن و امان کی بحالی بیرونی قوتوں کی سازشوں کے توڑ کا بہترین ذریعہ ہے۔انہوںنے کہاکہ امریکہ کافی دیر سے شمالی وزیرستان آپریشن کروا کے نیٹو فورسز کے خلاف لڑنے والے مسلمانوںکوٹارگٹ کرنا چاہتا تھا لیکن پاک فوج نے اس کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا اور اب امریکہ کی بجائے پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ وہ سمجھتا تھا کہ جس دن شمالی وزیرستان آپریشن شروع ہو گا پاکستان میں آگ بھڑک اٹھے گی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ایسا کچھ نہیں ہوا۔ بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خاں اور دیگر علاقوںکے لوگ اپنے متاثرہ بھائیوں کی مدد کر کے مدینہ کی تاریخ دہرا رہے ہیں۔ قرآن پاک اور نبی اکرم ﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے قربانیاں پیش اور مسلمانوں کی غیرتیں اجاگر کرتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ریلیف آپریشن سے بھارتی سازشوں کو ناکام بنایا ،اب بھی بلوچستان،تھر ،شمالی وزیرستان میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے،اس موقع پر شرکاءکی جانب سے حافظ محمد سعید تیرے جانثار بے شمار بے شمار،حرمت رسولﷺ پرجان بھی قربان ہے ،شدید نعرے لگائے گئے۔چوہدری عبداللطیف سراءجنرل سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا کہ جماعة الدعوة و¿رفاہی و فلاحی تنظیم ہے ،رفاہی و فلاحی اداروں پر پابندیاں لگا کرصلیبیوں ویہودیوں کو خوش کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعةالدعوة لاہورمولانا ابوالہاشم،پنجاب ایپکا یونین کے میاں مصطفیٰ،پنجاب ٹیچر یونین کے مستنصر بلا،نعمان یحییٰ ایڈوکیٹ،عتیق مغل و ددیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امریکہ کی جانب سے جماعة الدعوة کو دہشت گرد جماعت قرار دینے کے خلاف وزیرستان کے متاثرین سڑکوں پر نکل آئے اور جماعة الدعوة سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسلامیہ اسکول سے ٹانک اڈا تک ریلی نکالی۔ اس دوران امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور امریکی صدر بارک اوباما کا پتلا بھی نذر آتش کیاگیا۔ ریلی میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والے مہاجرین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی کی قیادت کرنے والے مقامی رہنما عبدالرحمان نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جماعت الدعوة کو خدمت خلق کرتے دیکھاہے۔ وزیرستان سے انخلا کے وقت سب سے پہلے جماعة الدعوة ہماری مدد کو پہنچی۔ ان کے رضاکار ہمیں پانی، کھانا اور راشن اور ضروری سامان فراہم کررہے ہیں۔ آج ہم دہشت گردی کے خاتمہ اور امن کی خاطر اپنا گھربار چھوڑکر نکلے تو امریکا نے ہماری مدد کرنے والی جماعة الدعوة پر ہی پابندی لگادی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان کا ہر فرد حافظ محمد سعید اور ان کی جماعت کے ساتھ ہے۔ ہم امریکاکو اس کی ناپاک سازشوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ قبل ازیں جماعة الدعوة کے صوبائی رہنما عتیق الرحمان چوہان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے صوبائی آفس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے جماعة الدعوة اور ان کے دو بزرگ رہنماﺅں کو دہشت گرد قرار دینے سے اسلام و پاکستان دشمنی واضح ہوگئی ہے۔ جماعة الدعوة کا کردار پاکستانی عوام اور پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ہم نے ہمیشہ قدرتی آفات و حادثات میں اندرون و بیرون ملک انسانیت کی خدمت کی ہے۔ اس موقع پر جماعة الدعوة کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات احمد ندیم اور مقامی مجلس شوری کے اراکین بھی موجود تھے۔ ۔راولپنڈی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعةالدعوة کی طرف سے راولپنڈی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاءمیں زبردست جو ش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔ شرکاءنے ہاتھوںمیں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ و بھارت کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ مقررین کے خطابات کے دوران مظاہرین بھارت و امریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے۔ راولپنڈی پریس کلب کے باہر تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے کنوینر مولانا امیرحمزہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ محض انڈیا کی خوشنودی کیلئے اس کی ڈکٹیشن پر جماعةالدعوة اور اس کے رہنماﺅں پر پابندیوں کے اعلانات کر رہا ہے۔جماعةالدعوة کی طرف سے اسلام آباد آئی ایٹ مرکز میں جامع مسجد قبا کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا میں خطبہ جمعہ اور جماعةالدعوة اسلام آباد کے امیر محمد شفیق و دیگر نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خود کو دنیا کی سپر پاور کہلانے والے امریکہ کو 80 سالہ بیمار اوربزرگ لوگوںکو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے شرم آنی چاہئے ۔ جماعةالدعوة پر پابندیوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں شہر بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروںافراد نے شرکت کی اور امریکہ کی طرف سے پابندیوں کے اعلان پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوںمیں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت و امریکہ مخالف تحریریں درج تھیں۔ اس موقع پر جماعةالدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، حافظ کلیم اللہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔جماعةالدعوة کی جانب سے ملتان میں امریکی پابندی کے خلاف کچہری چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاءنے بھارت و امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے امریکی پابندیوں کو مسترد کیا اور اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ امریکی پابندیوں کی پرواہ کئے بغیر ریلیف اور دعوتی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ احتجاجی مظاہر ہ سے جماعةالدعوةکے رہنماﺅں سعد مدنی، محمد ارشد ، غازی ابو طارق ودیگر نے خطاب کیا۔جماعةالدعوة پر پابندیوں کے خلاف گوجرانوالہ، سیالکوٹ، قصور، کھڈیاں، جہلم، راولپنڈی، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، چنیوٹ، ڈیرہ اسماعیل خاں، صادق آباد، مظفر گڑھ، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا ، تلہ گنگ ،سکھر، نواب شاہ، بدین، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پورو دیگر شہروں و علاقوںمیں بھی علماءکرام نے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پاس کیں اور مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کئے گئے۔ جماعةالدعوة کے رہنماﺅں مولانا شمشاد احمدسلفی،حافظ عبدالغفار المدنی،مفتی عبدالرحمن عابد، حافظ محمد مسعود،حافظ عبدالغفار،خالد سیف الاسلام، مولانا غلام قادر سبحانی،حافظ عبدالرﺅف، مولانا محمد رمضان اثری، حافظ طلحہ سعید،علی عمران شاہین و دیگر نے مختلف شہروں علاقوںمیںبڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعة الدعوة ملک میں تشددکے خاتمہ اور اتحادویکجہتی کے لئے کام کر رہی ہے اسی لئے امریکہ و انڈیا پریشان ہیں ۔جماعة الدعوة پابندیوں کے اعلانات کے باوجود اپنا کام جاری و ساری رکھے گی۔پاکستانی عدالتوں کے فیصلے ہمارے لئے اعزاز ہیں امریکی پابندیوں کو ہم نہیں مانتے وہ ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتیں۔