شمالی وزیرستان میں امن ہو گا،نقل مکانی کرنیوالے واپس جائینگے،نواز شریف
بنوں (مانیٹرنگ ڈیسک+ آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نجات دلا نے کیلئے ہے‘ دہشت گردوں کی طرف سے حکومتی عمل داری کو چیلنج کئے جانے پر آپریشن شروع کیا گیا‘ ہم ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرکے دوبارہ امن کا گہوارہ بنائینگے ‘ دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا جائے گا‘ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین ملک اور قوم کے لئے بہت بڑی قربانی دے رہے ہیں‘ اپنا گھر بار چھوڑنا آسان نہیں ہوتا‘ پوری قوم ان کے ساتھ ہے مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا‘ حکومت اور فوج مل کر مدد کریں گی‘ متاثرین کی مدد ان پر کسی کا احسان نہیں یہ ہمارا فرض ہے‘ آپریشن کے بعد قبائلی علاقوں میں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘ رمضان المبارک کے دوران اخراجات کیلئے نقل مکانی کرنے والے خاندانوںکو 40 ہزار رمضان پیکج دیا جائے گا۔ شمالی وزیرستان آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے کیمپوں کے دورہ کے دوران ان سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کے ہر طرح کے مالی اور دیگر نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا۔ اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف‘ گورنر خیبرپختونخوا مہتاب خان‘ وزیراعلیٰ پرویز خٹک‘ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید ‘ وفاقی وزیر سیفران اور متاثرین کی بحالی کے انچارج عبدالقادر بلوچ اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل غلام ربانی بھی موجود تھے۔ اس سے پہلے وزیراعظم جب بنوں پہنچے تو آرمی چیف اور اعلیٰ فوجی افسران نے ان کا خیر مقدم کیا وزیراعظم کو متاثرین کیلئے ہونے والی امدادی کارروائیوں بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ بعد ازاں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے اس وقت مشکل ترین حالات سے گزر رہے ہیں۔ گھر وں کو چھوڑنا آسان نہیں ہوتا‘ ہمیں احساس ہے ان کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے ہر طرح کی کوششیں کررہے ہیں۔ ان کی مشکلات پر قابو پانے کیلئے حکومت اور فوج مل کر کوشش کررہی ہے۔ نقل مکانی کرنے والے امن کے ساتھ دوبارہ اپنے گھروں کو جائیں گے اور شمالی وزیرستان میں ان کے گھروں کو جو نقصان پہنچا ہے اس کا جائزہ لیا جارہا ہے، ان کی از سر نو تعمیر کی جائے گی۔ ان کے لئے منصوبے بنائے جارہے ہیں جنمیں پینے کا صاف پانی‘ صحت‘ سکول‘ سڑکیں‘ سیوریج اور بیروزگاری کا خاتمہ کرکے علاقے میں خوشحالی لائیں گے۔ شمالی وزیرستان کے لئے جتنا بھی پیسہ خرچ کرنا پڑا اس پر خرچ کریں گے تاکہ یہاں کے لوگ خوشحالی اور امن سے رہ سکیں۔نواز شریف نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو فی خاندان 12ہزار روپے ماہانہ دیئے جارہے ہیں جس میں تین ہزار گھر الاﺅنس‘ پانچ ہزار خوراک پر ہے جو بیس ہزار بنتے ہیں حکومت نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی وجہ سے امداد دوگنا کرکے 40ہزار کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کی مشکلات کو آسان بنانے کے لئے ضروریات زندگی کیلئے پیسوں کی کمی نہیں حکومت اب ان لوگوں پر احسان نہیں کررہی یہ ہمارا فرض بنتا ہے۔ ان کی بھرپور مدد کی جائے یہاں کا موسم بھی سخت اور گرمی ہے رمضان المبارک بھی آرہا ہے ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والوں کے مال مویشی گائے ‘ بکری ‘ بھینس وغیرہ کے چاروں کے لئے حکومت اور فوج نے توڑی ‘ گھاس‘ چارے کا بندوبست کیا ہے تاکہ ان کے مویشیوں کو نقصان نہ ہو۔ پاک فوج نے پہلے ہی نقل مکانی کرنے والوں کیلئے تین ماہ کا راشن عطیہ کیا ہے جس پر میں جنرل راحیل شریف اور پوری فوج کے جذبے کو سراہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والے بچوں اور بوڑھوں کو پولیو اور دیگر متعدی امراض سے بچاﺅ کے لئے ویکسین فراہم کی جارہی ہے جبکہ کیمپوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحان کا وقت بہت جلد ختم ہونے والا ہے اور خوشی سے واپس آپ اپنے گھروں میں لوٹیں گے۔ خطاب کے بعد وزیراعظم نے متاثرین کے لئے بنائے گئے کیمپ کا دورہ کرکے وہاں سہولیات کا جائزہ لیا اور راشن بھی تقسیم کیا۔