این اے 128، 2 پولنگ سٹیشنزمیں بغیر مہر اور دستخط کے ووٹوں کاانکشاف
لاہور(کامران مغل )قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128کے 2 پولنگ سٹیشنز کی جانچ پڑتال کے دوران گزشتہ روز بغیر مہر اور دستخط کے ووٹ سامنے آ ئے ہیں جبکہ پولنگ سٹیشنز کی کاﺅنٹر فائلیں بھی غائب ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ووٹوں کی گنتی اور جانچ پڑتال کا کام الیکشن ٹربیونل کے مقرر کردہ کمیشن کی زیر نگرانی جاری ہے جس میں دھاندلی کے حوالے سے مزید انکشافات متوقع ہیں ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کرد ہ الیکشن ٹربیونل کا الیکشن ریکارڈ کی انسپکشن کے لئے ریٹائرڈ سیشن جج غلام حسین اعوان کی زیر نگرانی این اے 128کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی کا کام جاری ہے اور ٹربیونل کی ہدایت کے مطابق مختلف حوالوں سے ریکارڈ کی انسپکشن کی جا رہی ہے۔گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128کے 285 پولنگ سٹیشنز میں سے 3 پولنگ سٹیشنز 78 جی بلاک جوہر ٹاﺅن، 116 کانجرہ اور 214 کے ووٹوں کی جانچ پڑتال کے دوران بغیر مہر اور دستخط کے ووٹ سامنے آئے ہیںجبکہ کاﺅنٹر فائلوں اور پریزائیڈنگ افسر کی جانب سے جاری کئے گئے این اے 128کے الیکشن رزلٹ کے غائب ہونے کا بھی انکشاف ہواہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 128اورپی پی 161کا گمشدہ الیکشن ریکارڈ ایک روز قبل سامنے آ یا ہے جس کے بعد الیکشن ٹربیونل کے سخت نوٹس پر ضلعی خزانہ برانچ نے ووٹوں کے تھیلے پریزائیڈنگ افسر ایڈیشنل سیشن جج طارق خورشید کی عدالت میں جمع کرا دئیے تھے تاہم اس ضمن میں ٹربیونل کا مقرر کردہ کمیشن الیکشن ریکارڈ کی انسپکشن کررہا ہے۔