چھریوں کے وار سے زخمی ہونیوالا شربت فروش5 ویں روز چل بسا
لاہور(کرائم سیل)تھانہ سول لائن کے علاقہ میں شربت فروش کو کا پانچ روز قبل نا معلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے زخمی کر دیا،پولیس نے زخمی کو طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کیاجوگزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ بھجوا دیا،اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وارث روڈ کے علاقہ میں اکیس جون کو شربت فروش 45 سالہ عبد الرشید کو رات گئے نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا تھا اور علاقہ کے رہائشیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے میو ہسپتال پہنچایا ۔مقتول ایبٹ آباد ڈاکخانہ کا رہائشی تھا۔متوفی کے بھائی عبد الوحید نے \"پاکستان\" کو بتایا کہ اس کے بھائی کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔مقتول کے کزن تا زیر عباسی اور بھانجے محمد لیاقت نے کہا کہ ان کی اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ عبد الرشید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بہترین ٹیم کو سرگرم کریں۔