ذہنی معذور لڑکی سے بد اخلاقی کے ملزم کی ضمانت خارج
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے ذہنی معذور لڑکی سے زیادتی کے ملزم کی ضمانت خارج کر دی ،ضمانت خارج ہونے پروکلاء نے پولیس کی حراست سے ملزم کو فرارکروادیا۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار نے کیس کی سماعت کی۔عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے بتایاکہ ملزم سرفراز نے آسیہ نامی ذہنی معذور لڑکی کو چنیوٹ میں زیادتی کانشانہ بنایا۔
میڈیکل رپورٹ اورتفتیش میں بھی ملزم قصور وراپایاگیا ہے لہذا اس کی عبوری ضمانت خارج کی جائے۔ ملزم سرفرارنے بتایاکہ یہ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے پولیس مخالفین کے ساتھ مل کرانتقامی کاروائی کانشانہ بنارہی فاضل جج نے تمام دلائل سننے کے بعد ملزم سرفرار کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ضمانت خارج ہونے پرملزم جونہی کمرہ عدالت سے باہر نکلا تو تفتیشی افسر نے ملزم کوحراست میں لے لیا مگراحاطہ عدالت سے ملزم کے وکیل رب نواز نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملزم سرفرازکو فرار کرادیا۔