مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد حرام کی توسیع کے عظیم منصوبے کی دوسرے مرحلے کی تعمیرات تقریبا مکمل ہو گئی جس میں خانہ کعبہ کے طواف کے لیے بنائے پہلے فلور کی تکمیل بھی شامل ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد مجموعی طورپر 20لاکھ افراد عبادت کر سکیں گے۔ مطاف کے حوالے سے امید کی جا رہی ہے کہ رمضان کے دوران زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ طواف کر سکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حرمین الشریفین کے جملہ امور کے لیے قائم مجلس کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے تعمیرات اور کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے بعد بتایا ہے کہ گراﺅنڈ فلور اور فرسٹ فلور پر جاری تعمیراتی کام سو فیصد مکمل ہو چکا ہے، سیکنڈ فلور کا کام بھی 80 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔ اعلیٰ حکام کے مطابق دوسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد ایک گھنٹے میں 75000 نمازی نماز ادا کر سکیں گے۔ خادم حرمین الشریفین شاہ عبداللہ کے نام سے موسوم اس توسیعی منصوبے پر ایک سو ارب سعودی ریال لاگت آنے کا تخمینہ ہے جس کے بعد مجموعی طور پر بیس لاکھ سے زائد لوگ عبادت کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک اور حج کے ایام کے دوران تعمیراتی کام بند رہے گا۔