ضرب عضب :کمانڈر عمر سمیت 11افراد جاں بحق، القاعدہ کا اہم کمانڈر گرفتار
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور میرعلی کے قریب کارروائی کے دوران طالبان کمانڈر عمرسمیت 11افراد جاں بحق جبکہ 19نے ہتھیار ڈال دیئے ، فورسز نے پیچھا کرتے ہوئے فرارہونیوالے تین شدت پسندوں کو دریائے سندھ کے کنارے سے پکڑلیا جبکہ القاعدہ کا ایک اہم کمانڈر بھی گرفتارکرلیاگیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق میرعلی کے قریب جیٹ طیاروں ، توپخانے ، ٹینکوں اور بھاری ہتھیاروں سے بھی کارروائی کی گئی جس دوران شدت پسندوں کے چھ ٹھکانے تباہ ہوگئے جبکہ دریائے سندھ کے راستے بھاگنے کی کوشش کرنیوالے تین شدت پسندوں کو میانوالی کے قریب سے گرفتار کرلیا۔
بیان کے مطابق سول آبادی کو علاقے سے نکال لیاگیاہے اور جو کسی بھی وجہ سے علاقے میں پھنس گئے ہیں ، اُن کے لیے سپیکروں سے اعلانات کیے جارہے ہیں اور پھنسے ہوئے لوگوں کومحفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے مزید شدت پسندوں کے ہتھیار پھینکنے کی توقع کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنیوالوں میں خورا ک کی تقسیم جاری ہے اور ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔