اب اپنی مرضی کا سمارٹ فون خود بنائیں
سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) موبائل فون کی ٹیکنالوجی حیرت انگیز رفتار سے ترقی کررہی ہے اور آپ نے جو فون آج خریدا ہے اس کی ٹیکنالوجی کو پرانا ہوتے دیر نہیں لگے گی اور یقیناً آپ کو نیا فون خریدنا پڑے گا لیکن گوگل نے اسے مسئلے کا مستقل حل متعارف کروادیا ہے اور ایک ایسا سمارٹ فون سامنے لایا جارہا ہے کہ جس میں بیٹری، کیمرہ، میموری، آپریٹنگ سسٹم، سپیکر، پروسیسر غرضیکہ ہر چیز جب چاہیں اپ گریڈ کی جاسکتی ہے۔ پراجیکٹ آرا کے نام سے گوگل نے اس فون پر کام شروع کررکھا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ 2015ءکے آغاز تک یہ فون شائقین کے سامنے ہوگا۔ اس فون میں ایک پائیدار فریم تیار کیا جائے گا جس کے اندر سکرین، وائی فائی کنکشن اور پروسیسر لگاہوگا۔ اس کے دیگر حصوں کو اس طرح تیار کیا جائے گا کہ انہیں بآسانی فون میں لگایا اور نکالا جاسکے۔ گوگل ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ہر نئی سے نئی ٹیکنالوجی آنے پر آپ اس فون کے کچھ حصے نکال کر اُن کی جگہ نئے ماڈیول (حصے) لگاکر اسے جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل بناسکتے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل کا یہ منفرد فون تقریباً 5000 روپے میں دستیاب ہوگا جسے ابتدائی طور پر اسے ”گرے فون“ کا نام دیا گیا ہے۔