سعودی عرب میں تارکین وطن کیلئے اچھی خبر
جدہ (نیوز ڈیسک) سعودی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے تازہ ترین بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مقیم غیر ملکی تارکین وطن کے رشتے دار جو کہ اس وقت سعودیہ کے دورے پر ہیں اگر چاہیں تو اپنے وزٹ ویزا میں توسیع کرا کر پورا سال سعودی عرب میں قیام کر سکتے ہیں۔ یہ حکم نامہ ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے کے بعد سعودی وزیر داخلہ محمد بن نائف نے چاند رات کے موقع پر جاری کیا۔ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ 28 جون کے بعد ویزوں کی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس نے واضح کیا کہ جن غیر ملکیوں کے ویزے ختم ہونے والے ہیں، ان کیلئے لازم ہے کہ وہ توسیع کی درخواست پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرائیں۔ ایسا نہ کرنا ویزا قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔