وزن گھٹانے کے لئے سبز چائے سب سے زیادہ مفید
شکاگو (نیوز ڈیسک) ہزاروں افراد پر کی جانے والی ایک حالیہ تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ اگر آپ وزن گھٹانا چاہتے ہیں اور صحت مند اور چاق و چوبند رہنا چاہتے ہیں تو سبز چائے، قہوہ یا لونگ چائے (چین کی چائے کی ایک قسم) روزانہ پئیں اور یہ خیال رکھیں کہ اسے بغیر چینی کے اور گرم گرم پئیں۔ امریکی ریاست پنسلوانیا کی پین سٹیٹ یونیورسٹی نے 6427 افراد کو چائے نوشی کے اعتبار سے چار گروہوں میں تقسیم کیا یعنی وہ جو بالکل نہیں پیتے، جو ہفتے میں 2 سے 6 کپ پیتے ہیں، روزانہ ایک کپ پینے والے اور روزانہ کئی کپ پینے والے۔ تحقیق کاروں نے یہ معلومات بھی حاصل کیں کہ یہ لوگ گرم چائے پیتے تھے یا یخ ٹھنڈی چائے۔ نتائج نے واضح کردیا کہ چائے بکثرت پینے والوں کا وزن، کولیسٹرول اور کمر کا پھیلاﺅ چائے نہ پینے والوں یا ٹھنڈی چائے پینے والوں کی نسبت کم تھا۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ ٹھنڈی چائے پینے سے فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے۔ سائنسدانوں نے سبز چائے، قہوے اور لونگ چائے کو وزن گھٹانے، دماغی بیماریوں سے محفوظ رہنے، ذیا بیطس اور کینسر سے بچنے کیلئے بہترین نسخہ قرار دے دیا ہے مگر شرط یہ ہے کہ چائے میں چینی نہ ہو اور یہ گرما گرم ہو۔