امریکہ میں 12 سالہ بچے نے سکول بس ’اغوا‘ کرلی
شکاگو (نیوز ڈیسک) امریکہ میں ایک 12 سال بچے نے ایک کروڑ روپے مالیت کی بس چوری کرلی اور اسے لے کر مزے سے سارے شہر میں گھومتا رہا۔ ریاست فلوریڈا کے پانامہ شہر میں کسی نے پولیس کو کال کی کہ ایک بچہ بس چلاتا پھررہا ہے پولیس نے بس کا پتا چلاکر اسے ایک جگہ روکا تو سب یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ڈرائیور کی سیت پر ایک 12 سالہ بچہ براجمان تھا۔ پویس کا کہنا ہے کہ مائیکل ویڈ نامی اس بچے نے صبح کے چار بجے بس کو چوری کیا۔ یہ بس ایک سکول کی ملکیت ہے جسے ڈرائیور نے اپنے گھر کے سامنے کھڑا کیا ہوا تھا اور چابیاں بھی اس کے اندر ہی موجود تھیں۔ بچے نے بس کا دروازہ کھلا دیکھ کر موقع کو غنیمت جانا اور بس سٹارٹ کرکے مزے کرنے کیلئے نکل کھڑا ہوا۔ پولیس کو بس کے اندر لگے کیمرے کی ریکارڈ کی ہوئی ویڈیو بھی مل گئی جس سے معلوم ہوا کہ یہ بچہ کسی ماہر ڈرائیور کی طرح بس چلاتا رہا۔ بس چور بچے کے خلاف ایک کروڑ مالیت کی بس چرانے پر قانونی کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ بس کے اصل ڈرائیور کو غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر سکول نے دو ہفتے کیلئے معطل کردیا ہے۔