نصاب تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں : عبد القیوم

نصاب تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں : ...

لاہور(سٹی رپورٹر) اساتذہ طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ ماہرین تعلیم کی آراء کے تناظر میں نصابی کتب میں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالقیوم نے بورڈ کے زیر اہتمام ڈی پی ایس لاہور میں اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک معیاری تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا نصاب تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تعلیمی نصاب پر نظرثانی کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھٹی سے بارہویں جماعت تک جدید نصاب کی تیاری کے لئے صوبے بھر سے ماہرین تعلیم کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کی افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے اور میرٹ پر اس شعبے میں قابل ترین افراد کو تعینات کیا گیا ایم ڈی پی سی ٹی بی نے مزید کہا کہ پہلے سے بارہویں جماعت تک ناظرہ اور ترجمہ کے ساتھ قرآن کی تعلیم کے لئے نصابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کے تیاری کے سلسلہ میں تمام مکاتب فکر کے علماء سے مشاورت کی جائے گی اس موقع پر ڈویژنل پبلک سکول اینڈ انٹرمیڈیٹ کالج لاہور کے پرنسپل محمد عبدالنعیم اللہ خان سکوارڈن لیڈر (ر) نے کہا کہ تعلیمی نصاب کے حوالے سے پی سی ٹی بی بنیادی اہمیت کا حامل ادار ہ ہے اور موجودہ سیٹ اپ معیاری نصابی کتب کی تیاری کے لئے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے اساتذہ اور ماہرین تعلیم کو نصاب کی تیاری میں مدعو کیا جاتا ہے اور اساتذہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4